بیجنگ (شِنہوا) چینی حکام نے غیر ملکی تجارت اور اقتصادی تبادلوں میں مصروف کمپنیوں کی جانب سے رین من بی (آر ایم بی) کے سرحد پار استعمال کو فروغ دینے میں تعاون کے لئے متعدد اقدامات کا اعلان کیا ہے۔
وزارت تجارت اور پیپلز بینک آف چائنہ کے مشترکہ طور پر جاری کردہ ایک مراسلے کے مطابق اس اقدام کا مقصد سرحد پار تجارت اور سرمایہ کاری میں رین من بی کے استعمال کو مزید آسان بنانا ہے۔ اس عمل سے ان اداروں کی ضروریات پوری ہوں گی جو لین دین ،تصفیے ، سرمایہ کاری اور قرض اور رسک مینجمنٹ بارے غیر ملکی تجارت سے منسلک ہیں۔
مراسلے میں تمام اقسام کی سرحد پار تجارت اور سرمایہ کاری میں رین من بی کی قیمتوں اور تصفیے کو آسان بنانے کی کوششوں کا کہا گیا ہے۔ اس میں بینکوں پر زور دیا گیا ہے کہ وہ زیادہ آسان اور موثر لین دین کی خدمات فراہم کریں۔
بینکوں کی حوصلہ افزائی بھی کی گئی ہے کہ وہ بیرون ملک رین من بی میں دیئے گئے قرضوں میں توسیع کریں اور فعال طریقے سے مصنوعات اور خدمات میں جدت لائیں۔
اس میں سرحد پار رین من بی کا استعمال بڑھانے ، پلیٹ فارم کھولنے کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا ہے، جس میں آزمائشی آزادانہ تجارتی علاقے ، ہائی نان آزادانہ تجارتی بندرگاہ اور بیرون ملک اقتصادی اور تجارتی تعاون زون شامل ہیں۔
مراسلے میں مزید کہا گیا ہے کہ کاروباری اداروں کی ضروریات کی بنیاد پر کاروباری میل جول ، مالی منصوبہ بندی اور رسک مینجمنٹ میں معاونت بڑھانے کی کوشش کی جانی چاہیئے۔