ویانا(شِنہوا) بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے) کے ڈائریکٹر جنرل رافیل گروسی نے چین کی تیزی سے بڑھتی ہوئی جوہری توانائی کی صنعت کو سراہتے ہوئے آئی اے ای اے اور چین کے درمیان جوہری تعاون کو مضبوط بنانے کی امید ظاہر کی ہے۔
گروسی مئی کے آخر میں چین کا دورہ کرنے والے ہیں۔ 2019 میں آئی اے ای اے کی سربراہی سنبھالنے کے بعد سے یہ ان کا چین کا پہلا دورہ ہوگا۔جس کے دوران وہ چین کی بعض اہم جوہری تنصیبات کا دورہ بھی کریں گے۔
شِنہوا کو دیے گئے اہم انٹرویو میں گروسی نے کہا کہ ان کے دورہ چین کا کافی عرصے سے انتظار تھا، کیونکہ یہ ملک آئی اے ای اے کے سب سے اہم شراکت داروں میں سے ایک ہے اور ہر لحاظ سے، خاص طور پر جوہری امور میں ایک عالمی رہنما ہے۔
انہوں نے چین کی جوہری توانائی کی ترقی کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی ڈیکاربنائزیشن اور توانائی کی منتقلی کی مہم کے تحت اپنے جوہری توانائی کے شعبے کو "ایکسپونینشل" شرح سے بڑھا رہا ہے۔ اس کے علاوہ، چین دنیا بھر میں جوہری توانائی کے پرامن استعمال کو فروغ دینے کے لیے اپنی "عالمی معیار کی" جوہری ٹیکنالوجیز دوسرے ممالک کو برآمد کر رہا ہے۔
گروسی نے آئی اے ای اے اور چین کے درمیان جوہری توانائی کی ترقی، جوہری ٹیکنالوجی کے استعمال، جوہری میڈیسن اورعدم پھیلاؤ جیسے شعبوں میں قریبی تعاون پر بھی روشنی ڈالی۔
انہوں نے کہا کہ چین، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا مستقل رکن اور عالمی طاقتوں میں سے ایک کے طور پر ایک ایسا ملک ہے جو بہت سے معاملات میں اپنی رائے رکھتا ہے جہاں آئی اے ای اے کا بھی کچھ کردار ہے۔جب ہم عالمی عدم پھیلاؤ کے مسائل کے حوالے سے بات کرتے ہیں، تو بیجنگ کے ساتھ میری بات چیت ناگزیر ہے۔