• Columbus, United States
  • |
  • Jan, 8th, 25

شِنہوا پاکستان سروس

چین، یونیورسٹی کھیلوں کے میزبان صوبے میں ہائیڈروجن ایندھن سے چلنے والی گاڑیوں کا فروغتازترین

July 20, 2023

چھنگ ڈو (شِنہوا) چین کے جنوب مغربی صوبہ سیچھوان میں یونیورسٹی کھیلوں کا انعقاد کیا جارہا ہے جس کے دوران ہائیڈروجن ایندھن سے چلنے والی گاڑیوں کو فروغ دیا جائے گا۔ اس سے قبل بیجنگ سرمائی اولمپکس 2022 میں یہ گاڑیاں توجہ کا مرکز بنی تھیں۔

کھیلوں کی ایگزیکٹو کمیٹی کے مطابق 31 ویں انٹرنیشنل یونیورسٹی اسپورٹس فیڈریشن (ایف آئی ایس یو) سمر ورلڈ یونیورسٹی گیمز میں کھلاڑیوں اور عملے کی نقل وحمل کے لئے 80 بسوں پر مشتمل ایک بیٹرا استعمال کیا جائے گا۔ یہ کھیل صوبہ سیچھوان کے دارالحکومت چھنگ ڈو میں 28 جولائی سے 8 اگست تک منعقد ہوں گے۔

چین کے مغربی شہر چھنگ ڈو کو 2017 میں ہائیڈروجن ایندھن کی گاڑیوں کے تجارتی استعمال کے لئے آزمائشی شہر کے طور پر چنا گیا تھا۔ چھنگ ڈو میں یہ گاڑیاں مجموعی طور پر 2 کروڑ کلومیٹر کا محفوظ سفر کرچکی ہیں۔

چھنگ ڈو کا بیڑا ہائیڈروجن ایندھن سیلز سے لیس ہے جسے چھنگ ڈو میں بجلی پیدا کرنے والے آلات تیار کرنے والی کمپنی ڈونگ فانگ الیکٹرک کارپوریشن نے اپنی مدد آپ کے تحت تیار کیا ہے۔

ہائیڈروجن سے چلنے والی بس ایک مرتبہ چارج کرنے سے 450 کلومیٹر کا سفرطے کرسکتی ہے  جس میں فی 100 کلومیٹر ہائیڈروجن ایندھن کی اوسط کھپت صرف 4 کلوگرام ہے۔

بیجنگ سرمائی اولمپکس 2022 کے دوران شریک میزبان شہر ژانگ جیاکو میں ہائیڈروجن ایندھن سے چلنے والی 710 گاڑیوں کا استعمال کیا گیا تھا جو اولمپک کھیلوں کی تاریخ میں ہائیڈروجن ایندھن سیل گاڑیوں کے سب سے زیادہ استعمال کا مظاہرہ بھی تھا۔

سیچھوان کو توقع ہے وہ یونیورسٹی کھیلوں کے بعد ڈیانگ شہر میں عالمی صاف توانائی سازوسامان کانفرنس 2023 کا انعقاد کرے گا۔