بیجنگ(شِنہوا)چین کے وزیر خارجہ وانگ یی نے یوکرین کے بحران پر چین کے مستقل موقف کی وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا ملک امن کیلئے مذاکرات کو فروغ دینے کی حمایت کرتا ہے تاہم امن مذاکرات کیلئے ابھی حالات سازگار نہیں بنائے گئے ہیں لیکن چین امن کیلئے اپنی کوششوں کو نہیں روکے گا۔
وانگ یی جو کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کی مرکزی کمیٹی کے سیاسی بیورو کے رکن بھی ہیں، نے یہ بات ترکیہ کے وزیر خارجہ ہاکان فیدان کیساتھ بیجنگ میں ملاقات کے دوران کہی۔
انہوں نے کہا کہ چین ان تمام اقدامات اور کوششوں کی حوصلہ افزائی اور حمایت کرتا ہے جو حالات کو بہتر بنائے اور امن کیلئے سازگارہوں۔
انہوں نے کہا کہ چین یوکرین میں امن کیلئے کانفرنس کے انعقاد کی تیاریوں کیلئے سوئٹزر لینڈ کی کوششوں کو اہمیت دیتا ہے، ہم نے متعدد مواقعوں پر سوئس حکام کو تعمیری تجاویز دی ہیں جس کا سوئس حکام نے مثبت جواب اور شکریہ ادا کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت دنیا میں متعدد کانفرنسز ہو رہی ہیں، ان میں کب اور کیسے شرکت کرنی ہے اس بارے میں چین اپنی پوزشین کے مطابق آزادانہ طور پر فیصلہ کریگا۔
وانگ یی نے کہا کہ چین اور ترکیہ کے سٹرٹیجک تعاون پر مبنی تعلقات نے تیز تر ترقی کی رفتار کو برقرار رکھا ہے اور وسیع امکانات دکھا ئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ چین کی خودمختاری،سلامتی اور علاقائی سالمیت سے متعقہ اہم مفادات پر بیجنگ کی قانونی پوزیشن کی حمایت کرنے اور اسے سمجھنے پر ہم ترکیہ کو سراہتے ہیں اور ہم ترکیہ کیساتھ کثیرالجہتی تبادلوں اور تعاون کے شعبوں کو وسعت دینے کیلئے تیار ہیں۔
اس موقع پر ترک وزیر خارجہ نے کہا کہ ترکیہ ایک چین اصول پر کاربند ہے ، ترک سرزمین پر چین کی خودمختاری اور سلامتی کو سبوتاژ کرنے والی کوئی سرگرمیاں نہیں کی جاتیں جبکہ ہم یوکرین اور مشرق وسطی پر چین کی منصفانہ پوزشن کوسراہاتے ہیں۔