• Dublin, United States
  • |
  • Jan, 11th, 25

شِنہوا پاکستان سروس

چین۔ فرانس ثقافتوں اور تہذیبوں کے درمیان باہمی احترام کو فروغ دیں، وزیر خارجہتازترین

May 12, 2023

پیرس (شِنہوا) چین کے وزیر خارجہ چھن گانگ نے کہا ہے کہ شاندار تہذیبوں کی حامل دو قدیم اقوام  چین اور فرانس مختلف ثقافتوں و تہذیبوں کے درمیان باہمی احترام اور شمولیت کو فروغ دینے اور دنیا بھر میں امن کے بیج بونے کی ذمہ داری رکھتی ہیں۔

انہوں نے یہ بات فرانسیسی وزیر خارجہ کیتھرین کولونا سے ملاقات کے دوران کہی جس میں دونوں ممالک کے عوام کے درمیان تبادلوں بارے اعلیٰ سطح کے مکالمے کے طریقہ کار پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

چھن نے کہا کہ فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون کے اپریل میں چین کے سرکاری دورے کے دوران چینی صدر شی جن پھنگ اور ان کے فرانسیسی ہم منصب نے اس بات پر اتفاق کیا ہے کہ چین۔ فرانس سفارتی تعلقات کی 60 ویں سالگرہ کو ثقافت، تعلیم، سائنس اور ٹیکنالوجی جیسے شعبوں میں تبادلے اور تعاون بحال کرنے کے موقع کے طور پر لیا جائے تاکہ دوطرفہ تعلقات کو ایک نئی سطح پر لے جایا جا سکے۔ 

انہوں نے فریقین پر زور دیا کہ وہ دونوں سربراہان مملکت کے درمیان طے پانے والے اتفاق رائے پر عمل کریں، عوامی تبادلوں کے اعلیٰ سطح کے  طریقہ کار کا بہتر استعمال کریں، دونوں ممالک کے عوام کے درمیان تبادلوں کو مزید گہرا کریں اور دونوں ممالک کے عوام کے درمیان باہمی تفہیم کو فروغ دیں۔

انہوں نے تجویز دی کہ دونوں فریقین کھیل، تعلیم، زبان، سائنس و جدت سازی اور سیاحت جیسے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے پر توجہ مرکوز کریں۔

کولونا نے چینی فریق کی تجاویز سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ فرانس عوامی سطح پر باہمی تبادلوں کو بہت اہمیت دیتا ہے۔

کولونا نے کہا کہ اگلے سال دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کی 60 ویں سالگرہ منائی جائے گی  اور پیرس 2024 اولمپک کھیلوں کا انعقاد کیا جائے گا۔

 ان کا ملک سالگرہ کی تقریبات کی منصوبہ بندی کرنے اور سیاحت ، کھیلوں اور دیگر شعبوں میں دوطرفہ تعاون کی زیادہ سے زیادہ ترقی پر زور دینے کے لئے چین کے ساتھ کام کرنے کے لئے تیار ہے۔