استنبول (شِنہوا) ترکیہ کے بین الاقوامی تعلقات کے ایک ممتاز اسکالر نے کہا ہے کہ چین نے قومی ترقی کے متعدد محاذوں پر کامیابیاں حاصل کی ہیں اور دنیا کو جدیدیت کا ایک نیا راستہ فراہم کیا ہے۔
انقرہ میں قائم مڈل ایسٹ ٹیکنیکل یونیورسٹی کے ماہر تعلیم اور ترک فارن پالیسی انسٹی ٹیوٹ کے صدر حسین باگسی نے ایک حالیہ انٹرویو میں شِنہوا کو بتایا کہ چین نہ صرف ٹیکنالوجی یا سماجی ترقی کے شعبے میں بلکہ تقریباً تمام شعبوں میں ترقی کر رہا ہے۔
باگسی نے کہا کہ انسانی حقوق، غربت کے خاتمے، تعلیم، سماجی تحفظ، صحت اور قومی اتحاد میں نمایاں پیش رفت ہوئی ہے۔ انہوں نے غربت کے مکمل خاتمے، لوگوں کے حقوق کے تحفظ اور تعلیم و صحت کی خدمات کو وسعت دے کر انسانی حقوق کے فروغ میں چین کی نمایاں کامیابیوں کو اجاگر کیا۔
باگسی نے کہا کہ چین دنیا کو جدیدیت کا ایک متبادل راستہ فراہم کر رہا ہے جو مغربی دنیا سے مختلف ہے جس کی عالمی تاریخ میں مثال نہیں ملتی۔
اسکالر نے ترقی پذیر ممالک کو جدید بنانے کے لئے چین کے شاندار تعاون کو بھی سلام پیش کیا جس میں وافر فنڈنگ اور کریڈٹ فراہم کیے گئے ہیں۔
باگسی نے چین اور دیگر ترقی پذیر ممالک کے درمیان تعاون کے بنیادی شعبوں کے طور پر تعلیم سے لے کر صحت اور زراعت تک مختلف شعبوں کا حوالہ دیا۔
انہوں نے کہا کہ یقیناً افریقہ، ایشیا اور لاطینی امریکہ میں بہت سے ممالک چین کو جدید کاری کے لئے ایک متحرک بیرونی عنصر کے طور پر دیکھتے ہیں کیونکہ چین متعدد قر ضہ جات اور بنیادی ڈھانچے کی مدد فراہم کرتا ہے۔