• Columbus, United States
  • |
  • Jan, 8th, 25

شِنہوا پاکستان سروس

چین، چھنگ دو یونیورسٹی کھیل " خوابوں کی تکمیل" کے ساتھ اختتام پذیرتازترین

August 09, 2023

چھنگ دو (شِںہوا) چین کے جنوب مغربی صوبہ سیچھوان کے دارالحکومت چھنگ دو کے اوپن ایئر میوزک پارک میں 31 ویں ایف آئی ایس یو ورلڈ یونیورسٹی گیمز رنگارنگ تقریب کے ساتھ اختتام پذیر ہوگئے۔

28 جولائی سے 8 اگست تک 113 ممالک اور خطوں کے مجموعی طور پر 6 ہزار 500 کھلاڑیوں نے 18 کھیلوں کے 269 مقابلوں میں حصہ لیا، 12 روزہ مقابلوں میں ایف آئی ایس یو کے  22 ریکارڈ ٹوٹے۔

 چینی خاتون تیراک ژانگ یوفائی اپنے تمام مقابلوں میں 9 طلائی تمغے جیت کر یونیورسٹی کھیلوں کی سب سے کامیاب کھلاڑی بن گئی۔

چینی دستہ 411 کھلاڑیوں پر مشتمل تھا جس میں نصف سے زائد طلبا  کھلاڑی قومی ٹرائلز کے ذریعے منتخب ہوئے تھے۔ چین 103 طلائی تمغوں سمیت 178 تمغے جیت کرسرفہرست رہا۔

تمغوں کی فہرست میں 53 ممالک اور خطوں نے اپنے نام کا اندراج کیا جن میں سے 35 نے کم از کم ایک طلائی تمغہ اپنے نام کیا۔

اختتامی تقریب میں عوامی جمہوریہ چین کے ریاستی قونصلر شین یی چھن ، ایف آئی ایس یو کے قائم مقام صدر لیونز ایڈر اور چھنگ دو یونیورسٹی کھیلوں کی انتظامی کمیٹی کے ایگزیکٹو صدر ہوانگ چھیانگ نے شرکت کی۔

ایڈر نے یونیورسٹی کھیلوں کے 31 ویں ایڈیشن کے اختتام کا اعلان کرتے ہوئے چھنگ دو کھیلوں کے تنظیمی کام کو سراہا ۔

انہوں نے کہا کہ چین میں سفر کے آغاز میں ہی ہمیں گرمجوشی اور مہمان نوازی کے ساتھ گلے لگایا گیا جسے الفاظ میں بیان نہیں کیا جاسکتا۔

وہ چھنگ دو 2021 انتظامی کمیٹی، فیڈریشن آف یونیورسٹی اسپورٹس آف چائنہ، حکومت عوامی جمہوریہ چین ، صوبہ سیچھوان اور چھنگ دو شہر اور اس کے عوام کے تعاون پر واقعی ان کے شکر گزار ہیں۔

ایڈر نے مزید کہا کہ آپ کی کامیابیاں اور یہاں تک کہ آپ کی جدوجہد بھی ہمیں یاد دلا رہی ہے کہ یہ سفر صرف تمغے جیتنے کا نہیں تھا بلکہ اس دوستی کا سفر ہے جو طویل عرصہ چل سکتی ہے۔

اختتامی تقریب سے خطاب میں ہوانگ نے یونیورسٹی کھیلوں کی کامیابی میں شراکت داروں کا شکریہ ادا کیا۔