• Dublin, United States
  • |
  • Jan, 12th, 25

شِنہوا پاکستان سروس

چین برکس تعاون بڑھانے کے لئے تیار ہے، سینئر چینی سفارتکارتازترین

July 26, 2023

جوہانسبرگ(شِنہوا) چین کے سینئر سفارتکار وانگ یی نے کہا ہے کہ چین برکس سربراہ اجلاس کی میزبانی میں جنوبی افریقہ کی حمایت کرتا ہے اور برکس میکانزم کو بڑا اور مضبوط بنانے کے لیے جنوبی افریقہ اور دیگر برکس شراکت داروں کے ساتھ مل کر کام کرنے کو تیار ہے۔

کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کی مرکزی کمیٹی کے خارجہ امور کمیشن کے دفتر کے ڈائریکٹر وانگ یی نے یہ بات جنوبی افریقہ کی صدارتی وزیر خمبوڈوزو نٹشاوینی اور برکس قومی سلامتی مشیروں کے کوآرڈینیٹر اور قومی سلامتی کے اعلٰی نمائندوں کے ساتھ ملاقات کے دوران کہی۔

وانگ نے کہا کہ برکس میکانزم ابھرتی ہوئی منڈیوں اور ترقی پذیر ممالک کے لئے تعاون کا سب سے اہم پلیٹ فارم ہے اور یہ وقت کے رجحان اور بیشتر ممالک کی امنگوں کے مطابق ہے۔

وانگ نے مزید کہا کہ برکس میکانزم بھی آگے بڑھنے کے صحیح راستے کی نمائندگی کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ چین کثیرالجہتی کی پرزور حمایت کرتا ہے، بین الاقوامی تعلقات میں جمہوریت کو فعال طور پر فروغ دیتا ہے، بین الاقوامی تعلقات کو چلانے والے بنیادی اصولوں کی پاسداری کرتا ہے، ترقی پذیر ممالک کے جائز حقوق اور مفادات کا تحفظ کرتا ہے اور علاقائی و عالمی امن و استحکام کو فروغ دیتا ہے۔

وانگ نے کہا کہ چین ہمیشہ کی طرح جنوبی افریقہ کی قومی خودمختاری، آزادی اور قومی وقار کے تحفظ میں اس کی حمایت کرے گا۔

اسی طرح چین جنوبی افریقہ کے ساتھ اعلیٰ سطح کے تبادلوں کو مضبوط بنانے، بین الجماعتی تبادلوں کو گہرا کرنے، سیاسی باہمی اعتماد کو مستحکم کرنے اور تجارت اور غربت میں کمی سمیت شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لیے تیار ہے۔

وانگ نے اس بات کا ذکر کیا کہ چین، جنوبی افریقہ کے صنعتی عمل کو تیز کرنے اور آزادانہ ترقی کے لئے اس کی صلاحیت کو بڑھانے میں حمایت کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ چین جنوبی افریقہ میں سرمایہ کاری کرنے کے لئے قابل اور  بڑے چینی کاروباری اداروں کی حوصلہ افزائی کرتا ہے اور امید کرتا ہے کہ ملک ان کے لئے ایک مضبوط اور مستحکم کاروباری ماحول فراہم کرے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ چین، جنوبی افریقہ اور دیگر افریقی ممالک کے ساتھ تعاون کو گہرا کرنے، افریقی ممالک کو ایجنڈا 2063 کے حصول میں تیزی لانے، افریقی انضمام کو فروغ دینے اور مشترکہ مستقبل کے ساتھ چین۔افریقہ برادری کی تعمیر میں نئی روح پھونکنے کے لئے تیار ہے۔

اس مو قع پر خمبوڈوزو نٹشاوینی نے کہا کہ جنوبی افریقہ برکس تعاون کو گہرا کرنے کے لئے چین کے عزم کو سراہتا ہے اور برکس سربراہ اجلاس کی کامیابی کو یقینی بنانے کے لئے چین اور دیگر برکس ممالک کے ساتھ قریبی تعاون کرنے کو تیار ہے تاکہ برکس تعاون کے نئے امکانات کھولے جاسکیں۔

انہوں نے کہا کہ جنوبی افریقہ ون چائنہ پالیسی پر سختی سے کاربند ہے اور چین کے ساتھ اعلیٰ سطح کے تبادلوں کو برقرار رکھنے، معیشت، تجارت، سرمایہ کاری، معدنی پروسیسنگ اور دیگر شعبوں میں تعاون کو مضبوط بنانے اور جنوبی افریقہ ۔چین اور افریقہ ۔چین تعلقات کو نئی سطح پر لے جانے کا خواہاں ہے۔