• Dublin, United States
  • |
  • Dec, 24th, 24

شِنہوا پاکستان سروس

چین ازبکستان کے ساتھ تعلقات کی اعلیٰ معیار کی ترقی کے فروغ کیلئے تیارہے ،صدر شی جن پھنگتازترین

July 04, 2024

آستانہ(شِنہوا)چین کے صدر شی جن پھنگ نے کہا ہے کہ چین اپنے ملک کے مستقبل اور اپنے عوام کی  بھلائی کوذہن میں رکھتے ہوئے چین -ازبکستان اعلیٰ معیار کی ترقی کو فروغ دینے کیلئے ازبکستا ن کیساتھ  مل کر کام کرنے کو تیا ر ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے آستانہ میں شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے سربراہان مملکت کی کونسل کے 24 ویں اجلاس سے قبل ازبک صدر شوکت میرضیایف سے ملاقات کے دوران کیا۔

انہوں نے کہا کہ جنوری میں شوکت میرضیایف کے کا میاب دورہ چین  کے دوران چین اور ازبکستان نے ہر آزمائش پر پورا اترنے والے تعلقات  اور نئے دور کیلئے جامع تزویراتی شراکت داری کو بڑھانے اور مشترکہ مستقبل پر مبنی چین ازبکستان برادری کی تعمیر کے بلند نقطہ آغاز پر اتفاق کیا تھا انہوں نے نشاندہی کی دوطرفہ تعلقات کی ترقی سے ہم  ایک نئے مرحلے میں داخل  ہو ئے ہیں۔

شی جن پھنگ نے کہا کہ اس سال عوامی جمہوریہ چین کے قیام کی 75 ویں سالگرہ ہے، انہوں نے مزید کہا کہ چین  اپنی جدیدیت  میں تیزی لا رہا ہے  اور ازبکستان بھی  ازبکستان -2030  حکمت عملی کو جامع طور پر آگے بڑھا رہا ہے۔

دونوں ممالک کے اہداف بہت وسیع لیکن سادہ ہیں جن کا مقصد اپنے عوام کو بہتر معیار زندگی دینا ہے۔

انہوں نے کہا کہ چین ازبکستان کی قومی آزادی ،خودمختاری اور علاقائی سلامتی کے تحفظ کی مضبوطی سے حمایت کرتا ہے چین ہمیشہ سے ازبکستان کا با اعتماد دوست اور شراکت دار ہے۔انہوں نے دونوں ممالک پر زور دیا کہ وہ بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹیو تعاون کو مزید بڑھائیں،معیشت پر درمیانی اور طویل المدتی تعاون کی منصوبہ بندی کو اچھی طرح نافذ کریں،چین کرغستان ازبکستان ریلوے کی تعمیر کو تیز کریں اوراس کے ساتھ ساتھ شمسی توانائی،ہوا کی توانائی سمیت نئی توانائی گاڑیوں کے شعبوں  اورغربت میں کمی اور سماجی نظم ونسق میں تعاون کو مضبوط بنانا جاری رکھیں۔

انہوں نے کہا کہ چین دونوں ممالک کے درمیان ذیلی قومی سطح پر تبادلوں کی توسیع کے ساتھ ساتھ سیاحت ، تعلیم اور دیگر شعبوں میں تبادلوں کی حمایت کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین ساتویں چائنا انٹرنیشنل امپورٹ ایکسپو میں مہمان ملک کی حیثیت سے ازبکستان کی شرکت کا خیرمقدم کرتا ہے۔

 شی جن پھنگ نے کہا کہ چین ازبکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لئے تیار ہے تاکہ شی آن شہر میں منعقد ہونے والی چین وسطی ایشیا سربراہ کانفرنس کے نتائج پر عمل درآمد کو تیز کیا جاسکے، ہم آہنگی اور تعاون کو مضبوط بنایا جاسکے اور اس بات کو یقینی بنایا جاسکے کہ شنگھائی تعاون تنظیم ہمیشہ ایک ایسی سمت میں ترقی کرے جس میں تمام فریقوں کے مشترکہ مفادات پورے ہوں سکیں۔

 دوران ملاقات شوکت میرزی یوف نے کہا کہ  چینی صدر شی جن پھنگ کی دانشمندانہ قیادت میں چین نے مختلف خطرات اور چیلنجز سے کامیابی سے نمٹا ہے اور معیشت، سائنس اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں دنیا کی صف اول کی کامیابیاں حاصل کی ہیں۔

شوکت میرزی یوف نے  20 ویں کمیونسٹ پارٹی آف چائنا سینٹرل کمیٹی کے تیسرے مکمل اجلاس  پر مبارکباد دیتے ہوئے اسکی مکمل کامیابی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ازبکستان ایک چین کے اصول پر سختی سے کاربند ہے اور دہشت گردی، انتہا پسندی اور علیحدگی پسندی کی  تین شیطانی قوتوں  کا ڈٹ کر مقابلہ کرتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ازبکستان  چین  کا قابل اعتماد دوست اور شراکت دار بننے ، ایک دوسرے کا احترام ،  اور حمایت جاری رکھنے اور مزید مثبت نتائج کے حصول کے لئے مختلف شعبوں میں عملی تعاون کو فروغ دینے کے لئے چین کے ساتھ کام کرنے کو تیار ہے۔