• Dublin, United States
  • |
  • Jan, 13th, 25

شِنہوا پاکستان سروس

چین اورآئی ایم ایف کا تعاون مزید بڑھانےکاعزمتازترین

September 02, 2023

بیجنگ(شِنہوا)چین کے وزیر اعظم لی چھیانگ نے بیجنگ میں بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی منیجنگ ڈائریکٹرکرسٹالینا جارجیوا سے ملاقات کی جس میں دونوں فریقوں نے تعاون کو مزید مضبوط بنانے کا عزم ظاہرکیا۔

لی چھیانگ نے اس سال چینی معیشت کی بحالی کے مستقل رجحان  کا ذکر کرتے ہوئےکہا کہ چین اصلاحات اور کھلے پن پر قائم رہتے ہوئے پالیسی روابط کو مزید مضبوط کرے گا اور اقتصادی ترقی کو فروغ دے گا۔

چینی وزیر اعظم کے مطابق چین نجی اداروں کے لیے ترقی کے ماحول سممیت غیر ملکی تجارت کے پیمانے اور ڈھانچے کو بہتر بنائے گا اور غیر ملکی سرمائے کو راغب کرکے بروئے کارلانےکے لیے زیادہ کوششیں کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ چین پائیدار اور مستحکم اقتصادی ترقی کو فروغ دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے اور وہ اس کے لیے پراعتماد ہے۔

 لی چھیانگ نے کہا کہ چین آئی ایم ایف کے ساتھ تعاون کو مزید وسعت دینے اور عالمی نظم و نسق میں اہم کردار ادا کرنے کے لیے آئی ایم ایف سے تعاون کرنے کو تیار ہے۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ آئی ایم ایف کے 16ویں جنرل کوٹہ کے جائزے کے بامعنی نتائج حاصل ہوں گے۔

انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ آئی ایم ایف تحفظ پسندی  ،کسی بھی قسم کی تقسیم اورسپلائی چینز میں خلل ڈالنے کے خلاف کھڑا ہوگا اور اقتصادی عالمگیریت اور آزاد تجارت کا تحفظ کرتے ہوئےعالمی صنعتی اور سپلائی چینز کے استحکام کو برقرار رکھے گا اور بین الاقوامی معاملات میں ابھرتی ہوئی منڈیوں اور ترقی پذیر ممالک کی نمائندگی اور اثر و رسوخ کو بہتر بنائے گا۔

لی چھیانگ نے کہا کہ چین قرضوں کے مسائل میں اپنا کردار ادا کرنے میں آئی ایم ایف کی حمایت جاری رکھے گا اور امید کرتا ہے کہ تمام فریق ایک دوسرے سے تعاون کریں گے اور ٹھوس اقدامات کے ساتھ ترقی پذیر ممالک سے تعاون کریں گے۔

اس موقع پرآئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹرکرسٹالینا جارجیوانے دنیا کی اقتصادی ترقی میں چین کے ایک تہائی حصے کے حوالے سے کہا کہ آئی ایم ایف اقتصادی ترقی کو فروغ دینے کے لیے چین کی جانب سے کی جانے والی ٹھوس کوششوں کو سراہتا ہے اوراقتصادی ترقی کے لیے کمزورممالک کے ساتھ ساتھ  کم اوردرمیانی آمدنی والے ممالک کی مدد کرنے میں چین کے اہم کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔

کرسٹالیناجارجیوا نے کہا کہ آئی ایم ایف چین کے ساتھ مزید تعاون کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے تمام فریقوں سے عالمی سپلائی چینز کو مستحکم اور ہموار رکھنے کا مطالبہ کیا تاکہ اس کے بکھرنےکے خطرات کو روکا جا سکے۔ انہوں نےکہا کہ آئی ایم ایف جنرل کوٹہ کے جائزے میں مثبت نتائج حاصل کرنے کے لیے کام کرے گا۔

چینی نائب وزیر اعظم ہی لی فینگ نے بھی کرسٹالینا جارجیوا سے ملاقات کی جس میں موجودہ بین الاقوامی اقتصادی اور مالیاتی صورتحال کے ساتھ ساتھ آئی ایم ایف سے متعلق اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔