بیجنگ(شِنہوا)چین کے صدر شی جن پھنگ نے چین کے سرکاری دورے پر موجود اپنے وینزویلا کے ہم منصب نکولس مادورو موروس سے بدھ کے روز عظیم عوامی ہال میں بات چیت کی۔
دونوں صدور نے چین اور وینزویلا کے تعلقات کو سدا بہارسٹرٹیجک شراکت داری تک بڑھانے کا اعلان کیا۔
چینی صدر شی نے کہا کہ چین اور وینزویلا کے درمیان سدا بہار سٹرٹیجک شراکت داری کا قیام دونوں عوام کی مشترکہ توقعات پر پورا اترتا ہے جو تاریخی ترقی کے عمومی رجحان کے مطابق ہے۔ شی نے دونوں فریقوں پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ چین اور وینزویلا کے سٹرٹیجک تعاون کو مزید نتیجہ خیز بنانے کے لیے کوششیں تیز کریں تاکہ دونوں ملکوں کے لوگوں کے لیے مزید فوائد کے حصول اور عالمی امن و ترقی میں مزید مثبت توانائی ڈالی جا سکے۔
صدر شی نے چین کی اصلاحات اور کھلے پن خاص طور پر خصوصی اقتصادی زونز کی ترقی کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ اصلاحات اور کھلا پن چین کے لیے ایک اہم ذریعہ ہے جس سے وقت کے ساتھ چلنےاور چین کوموجودہ رتبہ دلانے میں مدد ملی ہے۔
شی جن پھنگ نے کہا کہ چین اس عمل میں حاصل ہونے والے قیمتی تجربے کی قدر کرتا ہے اور وہ اصلاحات اور کھلے پن کو آگے بڑھاتا رہے گا اورکوئی طاقت چین کی ترقی اور پیشرفت کو نہیں روک سکتی۔
شی نے کہا کہ چین وینزویلا کے ساتھ مل کر کام کرنے کو تیار ہے تاکہ ان کے قومی حالات کے مطابق ترقی کی راہ تلاش کرنے اور پارٹی اور قومی حکمرانی کے تبادلوں کو مضبوط بنانے میں ایک دوسرے کی مضبوطی سے مدد کی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ چین خصوصی اقتصادی زونز کے قیام میں وینزویلا کی حمایت کرتا ہے اوروہ اس کی قومی ترقی میں مدد کے لیے اپنے تجربے کا اشتراک کرے گا۔
اس موقع پروینزویلا کےصدر نکولس مادورو موروس مادورو نے کہا کہ وینزویلا کی قومی ترقی اور وینزویلا چین تعلقات ایک اہم مرحلے پر ہیں جبکہ سدا بہارسٹرٹیجک شراکت داری کا قیام تاریخی اہمیت کا حامل ہے اور اس سے یقینی طور پر دو طرفہ تعلقات کے ایک نئے دور کا آغاز ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ وینزویلا خصوصی اقتصادی زونز کی تعمیر میں چین کے تجربے سے سیکھنے اور زراعت، سرمایہ کاری، تعلیم اور سیاحت میں عملی تعاون کو وسعت دینےکے لیے تیار ہے۔