• Dublin, United States
  • |
  • Dec, 26th, 24

شِنہوا پاکستان سروس

چین اور بحرین کا جامع اسٹریٹجک شراکت داری کے قیام کا اعلانتازترین

June 01, 2024

بیجنگ (شِنہوا) چین کے صدر شی جن پھنگ اور بحرین کے شاہ حمد بن عیسی الخلیفہ نے دونوں ممالک کے درمیان جامع تزویراتی شراکت داری کے قیام کا اعلان کیا ہے، جو دو طرفہ تعلقات میں ایک نیا سنگ میل ہے۔

جامع تزویراتی شراکت داری  کا اعلان چین کے سرکاری دورے  پر آئے شیخ حمد اور صدر شی جن پھنگ کے درمیان  گزشتہ روز ہونے والی ملاقات کے دوران کیا گیا۔ بحرین کے شاہ نے  جمعرات کو بیجنگ میں چین-عرب ممالک تعاون فورم کی 10ویں وزارتی کانفرنس کی افتتاحی تقریب میں بھی شرکت کی تھی۔

اس موقع پر صدر شی نے کہا کہ بحرین خلیج میں چین کا ایک اچھا دوست اور شراکت دار ہے اور یہ کہ اگرچہ دونوں ممالک کے قومی حالات مختلف ہیں لیکن انہوں نے ہمیشہ ایک دوسرے کے ساتھ مخلصانہ سلوک کیا اور دوستانہ تعلقات کو برقرار رکھا ہے۔

اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ  اس سال چین اور بحرین کے سفارتی تعلقات کے قیام کی 35 ویں سالگرہ ہے، صدر  شی نے کہا کہ چین بحرین کے ساتھ جامع اسٹریٹجک شراکت داری کو فروغ دینے اور دونوں ممالک کے عوام کے لیے مزید فوائد کے لیے کام کرنے کا خواہاں ہے۔

چینی صدر نے کہا کہ ان کا ملک قومی خودمختاری، سلامتی اور استحکام کے تحفظ کے لیے بحرین کی کوششوں کی  بھرپور حمایت کرتا ہے اور بحرین کی ترقی کے خودمختار  راستے کے ساتھ ساتھ اسکے اقتصادی وژن 2030 اور اس کی متنوع ترقیاتی حکمت عملی کی حمایت کرتا ہے۔