ویانا(شِنہوا) کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ (سی پی سی) کی مرکزی کمیٹی کے خارجہ امور کمیشن دفتر کے ڈائریکٹر وانگ یی اور امریکی قومی سلامتی کے مشیر جیک سلیوان نے ویانا میں دو طرفہ تعلقات کے حوالے سے واضح، تفصیلی ، ٹھوس اور تعمیری بات چیت کی ہے۔
دونوں عہدیداروں نے ویانا میں چین-امریکہ تعلقات میں رکاوٹوں کو دور کرنے اور انہیں مستحکم کرنے کے طریقوں پرتبادلہ خیال کیا۔ سی پی سی کی مرکزی کمیٹی کے سیاسی بیورو کے رکن وانگ نے مسئلہ تائیوان پر چین کے پختہ موقف کو جامع انداز میں پیش کیا۔ دونوں فریقین نے ایشیا پیسیفک خطے کی صورتحال، یوکرین اور باہمی دلچسپی کے دیگر بین الاقوامی اور علاقائی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ ملاقات میں اسٹریٹجک رابطوں کے اس چینل کا بہتر استعمال جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔