الجزائر(شِنہوا) چین اور الجزائر کے اعلیٰ حکام اور کاروباری نمائندے الجزائر کے مشرقی شہر سطیف میں چین ۔ الجزائر اقتصادی فورم میں اکھٹے ہوئے۔
اس فورم میں الجزائر کے قانون سازوں اور سرکاری عہدیداروں کے ساتھ ساتھ دونوں ممالک کے کاروباری افراد سمیت 260 شرکاء نے شرکت کی۔ فورم کا اہتمام الجزائر میں چینی سفارت خانے اور سطیف کی صوبائی حکومت نے مشترکہ طور پر کیا تھا۔
الجزائر میں چینی سفیر لی جیان نے فورم سے خطاب میں کہا کہ چین ۔ الجزائر جامع اسٹریٹجک شراکت داری ایک نئے دور میں داخل ہوچکی ہے اور اقتصادی اور تجارتی تعاون میں زبردست پیشرفت ہوئی ہے جبکہ 2023 میں پہلی بار سالانہ دوطرفہ تجارت 10 ارب امریکی ڈالر سے زائد ہوگئی۔
لی جیان نے کہا کہ وہ پرامید ہیں کہ صوبہ سطیف زراعت، معدنی وسائل، صنعت کاری، سیاحت اور ثقافت میں اپنی زبردست صلاحیت کی بدولت چین ۔ الجزائر تعاون کامرکز بن سکتا ہے۔
صوبہ سطیف کے گورنر مصطفیٰ لیمانی نے کہا کہ یہ فورم انتہائی مثبت حالات میں منعقد کیا جارہا ہے خاص طور پر ایسے وقت میں جب الجزائر کی معاشی حکمت عملی میں تبدیلی ، سرمایہ کاری اور کاروباری ماحول میں بہتری ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم آپ کو باہمی مفید اقتصادی شراکت داری کے خاکے میں دوطرفہ تعاون تیز کرنے اور دونوں ممالک کی خوشحالی اور ترقی کے لئے آگے بڑھنے کی دعوت دیتے ہیں۔
الجزائر کی حکومت کے نمائندوں نے فورم کے شرکاء کو الجزائر کی تجارتی پالیسیوں اور مارکیٹ تک رسائی کی صورتحال سے آگاہ کیا۔