روم(شِنہوا)چین نے کہا ہے کہ وہ اٹلی کیساتھ روایتی دوستی کی تجدید،باہمی سیاسی اعتماد کو مستحکم ،اقتصادی اور تجارتی تعاون وسیع کرنے سمیت ثقافتی اورعوامی تبادلوں کو فروغ دینے کیلئےتیار ہے۔
یہ بات کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ(سی پی سی) کی مرکزی کمیٹی کے سیاسی بیورو کے رکن ین لی نے ایک بیان میں کہی جنہوں نے اطالوی ڈیموکریٹک پارٹی کی دعوت پر 25 سے 28 مئی تک اٹلی میں سی پی سی کے وفد کی قیادت کی۔
ین نے کہا کہ دونوں ممالک کی قیادت کی سٹرٹیجک رہنمائی کے تحت چین اور اٹلی باہمی اعتماد اور قریبی تعا ون کے ذریعےاعلی سطح کے دوطرفہ تعلقات برقرار رکھے ہوئے ہیں۔
دورے کے دوران چینی وفد نے اطالوی سینیٹ کے صدر اگنازیو لا روسا اور اٹلی کے وزیر برائے انٹرپرائزز اینڈ میڈ اِن اٹلی اڈولفو اُرسو، اٹالین ڈیموکریٹک پارٹی کے شعبہ خارجہ امور کے سربراہ جیوسیپ پروینزانو، روم کے میئر روبرٹو گوالٹیری اور نیپلس کے میئر گیٹانو منفریدی سے ملاقات کی۔
ین لی، جو سی پی سی بیجنگ میونسپل کمیٹی کے سیکرٹری بھی ہیں نے کہا کہ بیجنگ میونسپلیٹی دونوں ممالک کے رہنماوں کے درمیان ہونیوالے اہم اتفاق رائے کی پیروی کریگی تاکہ موثر تعاون کے ذریعے چین اٹلی تعلقات کی ترقی میں نئے محرک کا اضافہ کیا جا سکے۔
اس موقع پر اطالوی وفد نے کہا کہ اٹلی اور چین کی قدیم تہذیبوں کے درمیان گہری دوستی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اٹلی بدلتے ہوئے عالمی منظرنامے میں چین کو ایک ذمہ دار اور جامع سٹرٹیجک شراکت دار سمجھتا ہے،ہم مختلف سطحوں پر تبادلوں کو سہولت دینے کیلئے کھلے رویے کا مظاہرہ کرنا چاہتے ہیں،ماحول دوست توانائی کی جانب منتقلی،ڈیجیٹل معیشت ،ثقافت،سیاحت میں تعاون مضبوط کرنا چاہتے ہیں اور چینی کاروباری اداروں کے اٹلی میں سرمایہ کاری کا خیر مقدم کرتے ہیں۔
اطالوی وفد نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ اٹلی اور چین کے تعاون سے عالمی ترقی کو درست سمت میں آگے بڑھانے میں مدد ملے گی۔