عدیس ابابا(شِنہوا) چین نے کہا ہے کہ وہ قرن افریقہ کے ممالک کی خطے میں دیرپا امن اور استحکام کو فروغ دینے کے لیے مذاکرات اور مشاورت کے ذریعے اختلافات کو آزادانہ طور پر حل کرنے کے لیے حمایت کرتا ہے۔
ان خیالات کا اظہار چینی وزارت خارجہ کے قرن افریقہ امور کے لیے خصوصی ایلچی شو بنگ نے یہاں صحافیوں سے گفتگو کے دوران کیا۔ صحافیوں نے ان سے بیجنگ میں سعودی عرب اور ایران کے درمیان ہونے والی حالیہ بات چیت کے مثبت نتائج، ہارن آف افریقہ کے لیے اس کے اثرات اور چین کےمجوزہ "آؤٹ لک آف پیس اینڈ ڈویلپمنٹ ان دی ہارن آف افریقہ" کے بارے میں سوالات کیے۔
انہوں نے کہا کہ چین سمجھتاہے کہ قرن افریقہ میں طویل مدتی استحکام، ترقی اور خوشحالی کے حصول کی کلید خطے سے باہر سے شروع ہونے والے جغرافیائی سیاسی کرداروں کو ختم کرنا اور خطے میں سلامتی، ترقی اور حکمرانی کے تین گنا چیلنجز پر توجہ مرکوز کرنا ہے۔
شو نے کہا کہ تمام متعلقہ فریقین کی مشترکہ کوششوں سے بیجنگ میں سعودی عرب اور ایران کے درمیان بات چیت کے اہم نتائج برآمد ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب اور ایران نے اپنے تعلقات کو بہتر بنانے کے لیے ایک روڈ میپ اور ٹائم لائن کی نشاندہی کی ہے جس سے ان کے تعاون کے لیے ایک مضبوط بنیاد فراہم ہوئی ہے اور ان کے دوطرفہ تعلقات میں ایک نیا دور شروع ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مذاکرات اور معاہدے نے ایک بہترین مثال قائم کی ہے کہ کس طرح خطے کے ممالک تنازعات اور اختلافات کو حل کر سکتے ہیں اور بات چیت اور مشاورت کے ذریعے اچھی ہمسائیگی اور دوستی حاصل کر سکتے ہیں۔