سڈنی (شِنہوا) چینی وزیر خارجہ وانگ یی نے کہا کہ چین۔ آسٹریلیا تعلقات کی بنیاد دونوں ممالک کے عوام میں ہے اور انہیں ہمیشہ وسیع تر عوامی تائید حاصل رہی ہے۔
کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کی مرکزی کمیٹی کے سیاسی بیورو کے رکن وانگ یی نے یہ بات سڈنی میں آسٹریلوی ریاست نیو ساؤتھ ویلز کے وزیراعظم کرس منز سے ملاقات میں کہی۔
وانگ یی نے کہا کہ نیو ساؤتھ ویلز چین ۔ آسٹریلیا تبادلوں میں ہمیشہ سرفہرست رہا اور دونوں ممالک کے درمیان تعاون میں مثالی کردار ادا کررہا ہے۔
چینی وزیر خارجہ نے کہا کہ آسٹریلیا کے دورے میں ان کا سب سے اہم تاثر یہ تھا کہ حکمران ہوں یا حزب اختلاف کی جماعت، کاروباری برادری ہو یا حکمت عملی بنانے والے ، حکومتیں ہوں یا تمام شعبہ زندگی سے وابستہ افراد، سب نے چین اورآسٹریلیا کے درمیان مختلف شعبوں میں مذاکرات اور تعاون مضبوط بنانے میں اپنی حمایت کا اظہار کیا ہے۔
وانگ یی نےتوانائی، معدنیات اور زراعت اور دودھ کی مصنوعات جیسے روایتی شعبوں میں آسٹریلیا کے ساتھ تعاون کو مضبوط بنانے کے لیے چین کے عزم سے آگاہ کیا۔
وانگ نے کہا کہ چین سائنسی اور تکنیکی اختراعات، موسمیاتی تبدیلیوں کے ردعمل اور ماحول دوست توانائی کی جانب منتقلی جیسے ترقی کے نئے شعبوں سے استفادہ کرنے کے ساتھ ساتھ تعلیم اور سیاحت جیسے شعبوں میں عوام سے عوام کے تبادلے کو فروغ دینے کے لیے آسٹریلیا کے ساتھ تعاون کرنے کو بھی تیار ہے۔ امید ہے کہ نیو ساؤتھ ویلز چین-آسٹریلیا تعاون کو گہرا کرنے میں اپنا اہم کردار جاری رکھے گا۔اس موقع پر نیو ساؤتھ ویلز کے وزیراعظم کرس منز نے کہا کہ نیو ساؤتھ ویلز نے چین کی اقتصادی نمو اور آسٹریلیا ۔ چین تعاون سے بے شمار فوائد حاصل کئےاور آسٹریلیا۔ چین تعلقات میں بہتری اور پیشرفت میں تعاون کیا۔
انہوں نے کہا کہ نیو ساؤتھ ویلز چین کے ساتھ نچلی سطح پر تبادلوں کے مزید فروغ اور معیشت و تجارت، تعلیم، سیاحت اور قدرتی وسائل میں تعاون بڑھانے پر غور کر رہا ہے۔
منز نے ریاست میں مزید چینی طلباء اور سیاحوں کا خیرمقدم بھی کیا۔