• Dublin, United States
  • |
  • Dec, 23rd, 24

شِنہوا پاکستان سروس

چین ، آئس پارک میں فیصل مسجد کا برف سے بنا مجمسہ توجہ کا مرکز بن گیاتازترین

January 19, 2023

ہاربن (شِنہوا) چین کے شمال مشرقی صوبہ  حئی لونگ جیانگ کے دارالحکومت ہاربن میں واقع ملک کے سب سے بڑے آئس تھیم پارک میں اسلام آباد کی فیصل مسجد کا برف سےمجسمہ تیار کیا گیا ہے۔

غروب آفتاب کے ساتھ فیصل مسجد  کی طرز پر برف سے بنا مجسمہ " نائٹ اسکوائر" روشن ہوجاتا ہے اور سیاحوں کو دیکھنے اور تصاویراتارنے پر راغب کرتا ہے۔

"نائٹ اسکوائر" کی تیاری میں 2 ہزار 300 مکعب میٹرز برف استعمال کی گئی ہے۔ اور اسے فیصل مسجد کی اصل طرز پر بنایا گیا ہے جہاں لوگ اصل مسجد کی طرز پر نماز کے لئے  8 پہلو والا ہال اور بلندوبالا 4 مینار دیکھ سکتے ہیں۔

جاری 24 واں ہاربن آئس اینڈ اسنو ورلڈ گزشتہ برس 17 دسمبر سے کھولا گیا تھا  جس میں اندرون اور بیرون ملک سے سیاحوں کو ہاربن میں موسم سرما کے عجائبات میں خوش آمدید کہا گیا۔

یہ پارک شہر میں موسم سرما کی سیاحت کا ایک اہم حصہ ہے اور مسلسل 23 برس سے موسم سرما میں کھولا جارہا ہے۔

اس تفریحی پارک کا رقبہ 8 لاکھ 10 ہزار مربع میٹرز ہے یہ آئس ، اسنو، روشنیوں اور آواز کے امتزاج پر مبنی ہے جہاں سیاح 100 سے زائد فن پاروں کے گروپ دیکھ سکتے ہیں جن کی تیاری میں 1 لاکھ 50 ہزار مکعب میٹرز سے زائد برف استعمال کی گئی ہے۔

شنگھائی تعاون تنظیم کے " ایس سی او آئس اینڈ اسنو اسپورٹس آزمائشی زون" میں تنظیم کے 8 رکن ممالک کے تاریخی مقامات کو برف کی شکل میں پیش کیا گیا ہے۔ ان میں پاکستان، ازبکستان، تاجکستان اور دیگر ممالک شامل ہیں۔

چین کے شمالی صوبہ ہیبے سے تعلق رکھنے والے ایک سیاح یوآن زی ٹنگ نے کہا کہ مجھے خاص طور پر پاکستانی ثقافت میں دلچسپی ہے۔ مجھے یہ دیکھ کر حیرت ہوئی کہ یہاں فیصل مسجد کی تعمیراتی خصوصیات کو برف کی مدد سے پیش کیا گیا ہے۔