لندن(شِنہوا)برطانیہ میں ملک کی سب سےطویل حکمرانی کرنے والی ملکہ الزبتھ دوم کی سرکاری سطح پر آخری رسومات پیر کے روز ویسٹ منسٹر ایبے میں ادا کر دی گئی ہیں ، آخری رسومات میں عالمی رہنماؤں ، شاہی خاندانوں اور دیگر معززین نے شرکت کی۔
ملکہ الزبتھ دوم 70 سالہ دور اقتدار کے بعد 8 ستمبر کو 96 سال کی عمر میں سکاٹ لینڈ کے بالمورل میں انتقال کر گئی تھیں۔ ان کے بڑے بیٹے چارلس ان کی جگہ تخت نشین ہوئے ہیں۔
یہ آخری رسومات 9 ستمبر کو شروع ہونیوالے قومی سوگ کی مدت کے بعد ادا کی گئی ہیں ، قومی سوگ کے دوران لاکھوں افراد نے برطانیہ بھر کے شاہی محلات پر پھول چڑھائے اور ویسٹ منسٹرہال میں آنجہانی ملکہ کا آخری دیدار کرنے کیلئے گھنٹوں قطار میں کھڑے انتظار کرتے رہے۔
آخری رسومات کی براہ راست نشریات کی قیادت کرنیوالے ویسٹ منسٹر ایبے کے ڈین ڈیوڈ ہوئل نے بتایا کہ اسی جگہ جہاں ملکہ الزبتھ کی شادی اور تاج پوشی ہوئی تھی ہم یہاں پوری قوم، دولت مشترکہ اور دنیا بھر کے ممالک سے اپنے نقصان کا سوگ منانے اور ان کی طویل بے لوث خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے جمع ہوئے ہیں۔
سرکاری سطح پر آخری رسومات کے اختتام پر آنجہانی ملکہ کی یاد میں 2 منٹ کی قومی خاموشی اختیار کی گئی۔
ویسٹ منسٹر ایبے میں رسومات کے بعد ملکہ کے تابوت کو ونڈسر محل لے جایا گیا ہے جہاں انہیں اپنے شوہرشہزادہ فلپ کے ساتھ دفن کیا جائیگا جو گزشتہ سال 99 سال کی عمر میں انتقال کر گئےتھے۔