ہاربن (شِنہوا) ایک مال بردار طیارہ سر حد پار ای کا مرس کے سامان سمیت 40 ٹن سے زائد مال لیکر ہاربن تائی پھنگ بین الاقوامی ہوائی اڈے سے اپنی براہ راست منزل امریکی شہر لاس اینجلس کے لئے روانہ ہوا۔
اس ہموار فضائی مال بردار سروس کو چین کے شمال مشرقی صوبہ حئی لونگ جیانگ میں سرحد پار بنیادی ڈھانچے کی بہتری کا جزوی حصہ قراردیا جاسکتا ہے جو حالیہ برسوں کی مسلسل کوششوں کی وجہ سے ممکن ہوا۔
ابتدائی طور پر 42 ملکی اور غیرملکی فضائی کمپنیوں کا ایک فضائی ٹریفک نیٹ ورک تشکیل دیا گیا ہے جس کے 341 روٹس اور 102 منازل ہیں۔ صوبہ حئی لونگ جیانگ کا دارالحکومت ہاربن اس کے مرکز کے طور پر کام کررہا ہے۔
ایئر ٹریفک نیٹ ورک چین کے بڑے شہروں کی جنوبی کوریا اور سنگاپور جیسے ممالک کے درمیان رابطے کی سہولت بھی فراہم کررہا ہے۔
حئی لونگ جیانگ ایئرپورٹ مینجمنٹ گروپ کمپنی لمیٹڈ کے مطابق کمپنی فعال طور پر ہاربن تائی پھنگ بین الاقوامی ہوائی اڈے کو یورپ اور شمالی امریکی مارکیٹ کے لئے ایک بین الاقوامی فضائی مال بردار مرکز اور نقل وحمل راہداری مرکز کے طور پر تعمیر کرے گی۔
نقل و حمل کے بنیادی ڈھانچے کے علاوہ ، ای کامرس پلیٹ فارمز نے بھی چین کے شمال مشرقی علاقے کی سرحد پار تجارت کے فروغ میں مدد دی ہے۔
چین کے حئی ہی علاقے (حئی لونگ جیانگ) کے آزمائشی آزادانہ تجارتی خطے میں غیرملکی تجارت اور کارپوریشن کے ڈپٹی ڈائریکٹر ژونگ ہوان یو نے کہا کہ حئی ہی نے ایک آزاد ای کامرس پلیٹ فارم تیار کیا ہے جو ٹرانزٹ کارکردگی کو بہتر بنانے، اخراجات میں کمی اور صارفین کے تجربے کو بہتر بنانے کے لئے مختلف گوداموں سے مربوط سرحد پار نقل وحمل بارے اعدادوشمار اکٹھے کرتا ہے۔
اعدادوشمار کے مطابق 2022 کی پہلی ششماہی میں حئی ہی کی لائیواسٹریمنگ کی مدد سے سرحد پار ای کامرس تجارت کا حجم 6 کروڑ یوآن (تقریباً 84 لاکھ 20 ہزار امریکی ڈالرز) تک پہنچ گیا تھا۔
دریں اثنا، شہر کی مجموعی درآمدات اور برآمدات کی مالیت میں گزشتہ برس کی نسبت 175 فیصد اضافہ ہوا ہے۔