ڈھاکہ(شِنہوا)بنگلہ دیش کے شمالی علاقے میں کشتی ڈوبنے کے باعث ہونیوالی ہلاکتوں کی تعداد 32 تک پہنچ گئی ہے جبکہ پیر تک 30 سے 40 افراد بدستور لاپتہ ہیں۔
ضلع پنچھا گڑھ پولیس سپریٹنڈنٹ ایس ایم سراج الہدا نے شِنہوا کو بتایا کہ بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکہ سے 468 کلومیٹر دوری پر واقع ضلع پنچھاگڑھ میں دریائے کراتویا سے مزید 7 لاشیں نکالی گئی ہیں۔
حکام کے مطابق گنجائش سے زائد بھری ہوئی کشتی جس میں تقریباً 100 مسافر سوار تھے اتوار کی سہ پہر ڈوبی تھی۔
عہدیدار نے پیر کی سہ پہر شِنہوا کو فون پر بتایا کہ پیر کی صبح مزید 7 لاشیں نکالی گئی ہیں جس سے اموات کی مجموعی تعداد 25 سے بڑھ کر 32 ہو گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ لاپتہ ہونیوالے 30 سے 40 افراد کی تلاش بدستور جاری ہے ، مزید بتایا کہ ڈوبنے والی کشتی کو گھسیٹ کر کنارے پر لے جایا گیا ہے۔