ڈھاکہ(شِنہوا)بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکہ میں ایک بلند و بالا عمارت کوخوفناک آگ نے اپنی لپیٹ میں لے لیاجس سے کم از کم 43 افراد جاں بحق ہو گئے۔
بنگلہ دیش کے وزیر صحت اور خاندانی بہبود سمانتا لال سین نے جمعہ کی علی الصبح شِنہوا سے گفتگوکرتےہوئے اموات کی تصدیق کی ہے۔
وزیر صحت نے بتایا کہ 33 میتیں ڈھاکہ میڈیکل کالج ہسپتال لائی گئی ہیں اور 10 دیگر کو ڈھاکہ میں شیخ حسینہ نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف برن اینڈ پلاسٹک سرجری لایا گیا۔
ڈھاکہ میں فائر سروس اور سول ڈیفنس ہیڈ کوارٹر کے انسپکٹر انوار الاسلام نے قبل ازیں شِنہوا کو بتایا کہ 75 کے قریب افراد کو "گرین کوزی کاٹیج شاپنگ مال" سے بچالیا گیا ہے، ان میں 42 افراد بے ہوشی کی حالت میں تھےجنہیں مختلف ہسپتالوں میں پہنچادیا گیاہے۔
انوارالاسلام کا کہناتھاکہ جائے وقوعہ پرامدادی کارکن اپنی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ رات ساڑھے 9 بجے کے قریب آگ لگنے کی اطلاع ملی جس کے بعد انہوں نے آگ پرقابوپانےوالےعملے کو روانہ کیا گیا۔ کم سے کم 12 فائر فائٹنگ یونٹس موقع پر پہنچےاور مقامی وقت کے مطابق رات تقریباً ساڑھے 11بجے تک آگ پر قابو پالیا گیاتھا۔
اہلکار نے بتایا کہ سات منزلہ عمارت میں ایک ریستوران اور کئی دیگر دکانیں ہیں۔
آگ بجھانے والے محکمہ کے ایک اوراہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پربتایا کہ ہولناک آتشزدگی سے جان بحق ہونےوالوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے۔
جمعہ کو علی الصبح ٹی وی رپورٹس میں بتایا گیا کہ عمارت کے کچھ حصوں میں آگ تاحال بھڑک رہی ہے۔ آگ لگنے کی وجہ فوری طور پر معلوم نہیں ہو سکی ہے۔