ڈھاکہ(شِنہوا)انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) مینز کرکٹ ورلڈ کپ 2023 کی ٹرافی کی چین کے تعمیر کردہ پدما برج پر رو نمائی کردی گئی۔
27 جون سے شروع ہونے والی آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ کی ٹرافی 18 ممالک اور خطوں کا دورہ کرے گی جن میں کویت، بحرین، ملائیشیا، امریکہ، نائجیریا، یوگنڈا، فرانس، اٹلی اور میزبان ملک بھارت شامل ہیں۔
ورلڈ کپ 2023 اکتوبر اور نومبر کے دوران بھارت میں منعقد ہوگا۔
دورے کے افتتاحی روز بنگلہ دیش میں آئی سی سی ورلڈ کپ ٹرافی کا آفیشل فوٹو شوٹ پدما برج کے سروس ایریا میں کیا گیا۔
یہ فن تعمیر کا شاہکار پل بنگلہ دیش کے شمال مشرقی اور جنوب مغربی علاقوں کو جوڑنے والے دریائے پدما پر قائم ہے۔ یہ مجوزہ ٹرانس ایشین ریلوے نیٹ ورک میں بھی اہم کردار ادا کرتا ہے۔
6.15کلومیٹر پر پھیلے اس پل کی تعمیر کی قیادت چائنہ ریلوے میجر برج انجینئرنگ گروپ کمپنی لمیٹڈ نے کی تھی اور ٹریفک کے لئے اس کا افتتاح گزشتہ سال جون میں کیا گیا تھا۔
یہ بنگلہ دیش کی تاریخ میں بنیادی ڈھانچے کی سب سے اہم اور چیلنجنگ کامیابی ہے۔