• Dublin, United States
  • |
  • Dec, 23rd, 24

شِنہوا پاکستان سروس

بلوچستان میں چین کے عطیہ کردہ فوڈ ریلیف پیکجز کی تقسیمتازترین

September 13, 2022

ڈیرہ بگٹی(شِنہوا)بلوچستان کے سیلاب متاثرین میں چین کے عطیہ کردہ فوڈ ریلیف پیکجز کی تقسیم شروع کر دی گئی ہے۔

فوڈ ریلیف پیکچزتقسیم کرنے کی تقریب صوبہ بلوچستان کے قبائلی علاقے ڈیرہ بگٹی میں منعقد ہوئی جس میں سیلاب سے متاثرہ 800 سے زائد مقامی متاثرین نے شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے وزیر برائے انسداد منشیات نوابزادہ شاہ زین بگٹی نے شدید سیلاب کے دوران چین کی جانب سے پاکستان کی بروقت مدد پر شکریہ ادا کیا ۔

شاہ زین بگٹی نے کہاکہ ہمارے ہر مشکل وقت میں چین ہمیشہ ایک بھائی کی طرح پاکستان کے ساتھ کھڑا رہا، انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان تعلیم، طبی نگہداشت اور دیگر شعبوں میں انفراسٹرکچر کی تعمیر کو بہتربنانے کیلئے چین کے ساتھ تعاون کو مزید گہرا کرنے کا منتظر ہے۔

اس موقع پر پاکستان میں چین کے سفیر نونگ رونگ نے کہا کہ دونوں ممالک کی بحران کے وقت ایک دوسرےکی مدد کرنے کی روایت پرانی ہے اسی لیے چینی حکومت سیلاب سے متاثر پاکستانی بھائیوں اور بہنوں کی مدد کو بہت اہمیت دیتی ہے۔

سفیر نے کہا کہ چینی عوام کبھی نہیں بھولیں گے کہ پاکستان نے 2008ء میں چین کے صوبہ سیچھوآن کے وین چھوآن میں شدید زلزلہ آنے پر اپنے تمام سٹریٹجک ریزرو خیمے چین کو عطیہ کر دیئے تھے۔

انہوں نے کہا کہ چین پاکستان کے ساتھ یکساں مفاد پر مبنی تعاون کو مضبوط بنانے اور ایک بہتر وطن کی تعمیر کیلئے مشترکہ کوششیں کرنے کا خواہاں ہے۔

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی(این ڈی ایم اے) کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق وسط جون سے اب تک پاکستان میں بارشوں سے متعلق حادثات میں مجموعی طور پر 1 ہزار 396 افراد جاں بحق اور 12ہزار 728 دیگر زخمی ہو چکے ہیں۔