ماسکو(شِنہوا)روس نے خبردار کیا ہے کہ وہ اپنے بیرون ملک اثاثوں کے خلاف مغربی ممالک کی کسی بھی کارروائی کا جواب دے گا۔ روسی وزیر خزانہ اینٹون سلوانوف نے پیر کو آر آئی اے نووستی نیوز ایجنسی کو دیے گئے ایک انٹرویو میں کہا کہ ہمارے لیے یہ چیز واضح ہے۔ ہم مغربی ممالک کے فیصلوں کو دیکھ رہے ہیں۔ ہمارے اثاثوں کے حوالے سے کسی بھی اقدام کا ہم آہنگ جواب ملے گا۔ مغربی ممالک نے فروری 2022 سے روس پر پابندیاں عائد کر تے ہوئے اس کے خود مختار اور نجی اثاثے منجمد کر دیے تھے۔ ملک کے تقریباً 300 ارب ڈالر تک نقد ذخائر کو منجمد کر دیا گیا ہے۔ روسی اثاثے ضبط کرنے کی مختلف وجوہات بتائی گئی ہیں۔ آر آئی اے کی رپورٹ کے مطابق، اکتوبر 2022 میں، یورپی یونین کے رہنماؤں نے یورپی کمیشن سے کہا تھا کہ وہ یوکرین کی تعمیر نو کے لیے منجمد اثاثوں کو استعمال کرنے کے لیے تجاویز کا مسودہ تیار کرے۔