بیجنگ(شِنہوا)بیجنگ کے ڈاشنگ ایئرپورٹ سے بین الاقوامی مسافر پروازیں 17 جنوری سے دوبارہ شروع کر دی جائیں گی۔
نوول کرونا وائرس کی عالمی وباء کے باعث 14 مارچ 2020ء سے لے کر اب تک ہوائی اڈے پر بین الاقوامی پروازیں معطل تھیں۔ ڈاشنگ ایئرپورٹ سے تمام بین الاقوامی پروازوں کو بیجنگ کیپیٹل انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی طرف موڑ دیا گیا تھا۔
چائنہ سدرن ایئرلائنز، چائنہ ایسٹرن ایئرلائنز، بیجنگ کیپیٹل ایئرلائنز اور ہمالیہ ایئرلائنز ڈاشنگ ایئرپورٹ پر اور وہاں سے بین الاقوامی پروازیں دوبارہ شروع کرنے والی اولین فضائی کمپنیوں میں شامل ہیں۔ چائنہ سدرن ایئر لائنز ہانگ کانگ کیلئے ہفتے میں تین پروازیں جبکہ ہمالیہ ایئر لائنز کھٹمنڈو کیلئے ہفتے میں ایک پرواز چلائے گی۔
بیجنگ ، تیانجن اور ہیبئی کے علاقوں کیلئے 144 گھنٹے کی ویزا فری پالیسی اپنانے کے ساتھ ہوائی اڈے پر بین الاقوامی منتقلی کا عمل بھی دوبارہ شروع کر دیا جائیگا۔
ہوائی اڈے کی انتظامیہ کے مطابق یورپ، شمالی امریکہ، جنوب مشرقی ایشیا، آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کیلئے مزید بین الاقوامی پروازیں چلائے جانے کا منصوبہ بھی بنایا گیا ہے۔