پراگ(شِنہوا) چین کے دارالحکومت بیجنگ سے جمہوریہ چیک کیلئے براہ راست پروازوں کو باضابطہ طور پر بحال کر دیا گیا ہے، جبکہ ہائی نان ائیر لائنز کا مسافر طیارہ 10 گھنٹے کی پرواز کے بعد گزشتہ روز علی الصبح پراگ ہوائی اڈے پر پہنچ گیا۔
پراگ ہوائی اڈے پر اس حوالے سے منعقدہ تقریب میں جمہوریہ چیک میں چین کے سفیر فینگ بی آو نے کہا کہ اس سال دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 75 ویں سالگرہ منائی جا ر ہی ہے،انہوں نے توقع ظاہر کی نئی فلائٹ سروس عوام کے مابین تبادلوں اور بات چیت کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ دوطرفہ سیاحتی تعاون کو بحال کرے گی۔
پراگ ہوائی اڈے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر جیری پوس نے کہا کہ ہمیں دونوں سمتوں میں مارکیٹ کی صلاحیت پر اعتماد ہے. ہائی نان ایئرلائنز کے ساتھ مل کر ہم ایک پل تعمیر کر رہے ہیں۔ ہمارا سیاحت کا شعبہ جمہوریہ چیک میں آنے والے چینی سیاحوں کی ایک نئی لہر حاصل کرنے کا منتظر ہے۔
ایک چینی طالبہ وین روئی آن جو بیجنگ واپسی کی پرواز میں سوار ہونے کی تیاری کر رہی تھیں نے کہا کہ وہ طویل عرصے سے براہ راست پروازوں کی بحالی کا انتظار کر رہی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ واپسی کی پرواز تیز ہے اور بیجنگ پہنچنے میں صرف نو گھنٹے لگتے ہیں۔