اسلام آباد(شِنہوا) پاکستان کے ایک ماہر نے کہا ہے کہ بیلٹ اینڈ روڈ منصوبہ (بی آر آئی) مشترکہ ترقی اور خوشحالی کو فروغ دینے میں مددکررہاہے۔
انسٹی ٹیوٹ آف پیس اینڈ ڈپلومیٹک اسٹڈیز کی صدر فرحت آصف نے شِنہوا کو دئے گئے ایک انٹرویو میں کہا کہ بی آر آئی نے 150 سے زائد ممالک اور 30 سے زائد بین الاقوامی اداروں کے ساتھ بنیادی ڈھانچے کی ترقی، تجارت، سرمایہ کاری اور ثقافتی تبادلوں میں سہولت فراہم کرتے ہوئے، ترقی، امن اور خوشحالی کے مشترکہ وژن کو فروغ دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وسیع مشاورت، مشترکہ شراکت اور مشترکہ فوائد کے اصولوں کی بنیاد پر، بی آر آئی ایک زیادہ معقول اور منصفانہ عالمی گورننس سسٹم میں خاطر خواہ مدد کرنے اور عالمگیریت کو فروغ دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ تعاون پر مبنی ترقی کے لیے ایک ماڈل ہے جو دنیا بھر کے ممالک کو عالمی مسائل سے نمٹنے کے لیے بنیادی ڈھانچے، اقتصادی ترقی، ماحولیاتی تحفظ، یا ثقافتی تبادلے سے متعلق کثیر الجہتی کوششوں میں شریک ہونے کی ترغیب دے سکتا ہے۔
فرحت آصف نے کہا کہ پاکستان میں، بی آر آئی نے اپنے فلیگ شپ منصوبے- چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کے ذریعے زبردست سماجی و اقتصادی فوائد فراہم کیے ہیں۔