نئی دہلی(شِنہوا)بھارت میں حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے ایک مقامی رہنما کو شمالی ریاست اتر پردیش میں گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا۔
مقامی پولیس نے جمعہ کو بتایا کہ34 سالہ انوج چودھری کو جمعرات کی شام ایک موٹر سائیکل پر سوار تین افراد نے اس وقت گولی مار دی جب وہ اتر پردیش کے دارالحکومت لکھنؤ سے تقریباً 355 کلومیٹر شمال مغرب میں ضلع مراد آباد میں اپنی رہائش گاہ کے باہر چہل قدمی کر رہے تھے ۔
پولیس کے مطابق انہیں فوری طور پر مقامی ہسپتال لے جایا گیا جہاں وہ علاج کے دوران زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے۔
پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کر لیا ہے اور ملزمان کا سراغ لگانے کی کوششیں جاری ہیں۔
پولیس کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ مطلوب ملزمان کی گرفتاری کے لیے پانچ ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں اور جلد ہی انہیں گرفتار کرکے سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ انوج چودھری بی جے پی کے سرگرم رکن تھے جنہیں اپنے علاقے میں ایک مقامی الیکشن میں ناکامی کا سامناکرنا پڑا ۔
انوج چوہدری کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا گیا ہے۔