نئی دہلی(شِنہوا)بھارت کی شمالی ریاست اترپردیش میں رات بھر ہونیوالی شدید بارشوں کے باعث دیوار گرنے کے نتیجے میں 10 سے زائد افراد ہلاک اور چند افراد زخمی ہوئےہیں۔
ریاست کے دارالحکومت لکھنؤ میں یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب متاثرہ افراد سو رہے تھے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق شہر میں گزشتہ 24 گھنٹوں سے جاری بارش نے نظام زندگی درہم برہم کردیا ہے ۔ غیر معمولی بارش کے باعث شہر کے مختلف حصوں میں پانی جمع ہو گیا ہے۔
میڈیا رپورٹس میں پولیس افسر پیوش موردیا کے حوالے سے بتایا گیا کہ لکھنؤ کے علاقے دلکشا میں کچھ مزدور جھونپڑیوں میں قیام پذیر تھے۔ رات بھر جاری رہنے والی شدید بارشوں کے باعث دیوار منہدم ہو گئی۔ مرنیوالوں کی لاشیں ملبے سے نکال لی گئی ہیں۔
زخمی افراد کو مقامی ہسپتال میں داخل کرا دیا گیا ہے ۔ ریاستی حکومت نے مرنے والوں کے لواحقین اور زخمیوں کو معاوضہ دینے کا اعلان کیا ہے۔