نئی دہلی(شِنہوا) بھارت کی جنوب مغربی ریاست مہاراشٹر میں منگل کو ایک قومی شاہراہ پر تیز رفتارٹرک کے تین گاڑیوں سے ٹکرانے سے کم سےکم 10 افراد ہلاک اور تقریباً 15 زخمی ہو گئے۔
ایک مقامی پولیس افسر نے فون پر شِنہواکوبتایا کہ یہ حادثہ ریاست کے ضلع دھولے میں ملک کے مرکزی شہر ممبئی کو شمالی شہر آگرہ سے جوڑنے والی شاہراہ پر پیش آیا۔
پولیس افسر کے مطابق حادثہ بظاہر ٹرک کی بریک فیل ہونے کی وجہ سے پیش آیا جو تینوں گاڑیوں سے ٹکرا گیا جس سے 10 افراد موقع پر ہی ہلاک ہوگئے۔
ایک سی سی ٹی وی میں ریکارڈ ہونے والی فوٹیج میں دکھایا گیا ہے کہ ٹرک پہلے گاڑیوں سے ٹکراکر الٹ گیا اور سڑک کے کنارے واقع ایک کھانے پینے کے ڈھابے سے ٹکرا گیا۔
زخمیوں کو مقامی ہسپتال میں داخل کرایا گیا جن میں سے بعض کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔