نئی دہلی(شِنہوا)بھارت کی مشرقی ریاست اوڑیسہ میں تین ریل گاڑیوں کے ایک بڑے حادثے میں 200 سے زائد افراد ہلاک اور 900 زخمی ہو گئے۔
اوڑیسہ کے چیف سکریٹری پردیپ جینا کے ہفتہ کو ٹویٹر پر جاری پیغام کے مطابق اس حادثے میں کم سے کم 207 افراد ہلاک اور تقریباً 900 زخمی ہوئے ہیں جبکہ ہلاکتوں کی تعداد میں مزید اضافے کا خدشہ ہے۔
حادثہ اوڑیسہ کے دارالحکومت بھونیشور سے تقریباً 171 کلومیٹر شمال مشرق میں ضلع بالاسورمیں بہاناگا بازار کے سٹیشن کے قریب مقامی وقت کے مطابق جمعہ کی شام تقریباً 7 بج کر 20 منٹ پر پیش آیا۔
بھارت کی مشرقی ریاست اوڑیسہ کے ضلع بالاسور میں ریل گاڑیوں کے تصادم کے مقام پر لوگ جمع ہیں۔(شِنہوا)
حکام کے مطابق کولکتہ سے چنئی جانے والی کورومندل ایکسپریس نے یشونت پور-ہؤرا ایکسپریس کو ٹکر ماری جو پٹری سے اتر کر ملحقہ ٹریک پر گر گئی۔ حادثے میں ایک مال بردار ریل گاڑی بھی شامل ہے۔
حکام نے بتایا کہ تصادم اس قدر شدید تھا کہ دونوں ریل گاڑیوں کے ڈبے ایک دوسرے کے اوپر چڑھ گئے جس سے مسافر ہلاک اور زخمی ہوئے جبکہ مسافروں کی بڑی تعداد پٹری سے اترنے والی بوگیوں کے اندر پھنس گئی۔
حادثے کے فوری بعد ریسکیو ٹیمیں، صحت حکام، پولیس، فائر سروسز اور ڈیزاسٹر ریسپانس فورس کے اہلکار موقع پر پہنچ گئے۔ زخمیوں کی مدد کے لیے مقامی لوگوں کی بڑی تعداد بھی موقع پر پہنچ گئی۔