• Dublin, United States
  • |
  • Jan, 10th, 25

شِنہوا پاکستان سروس

بھارت کے محکمہ ٹیکس کے دہلی اور ممبئی میں بی بی سی کے دفاتر پر چھاپےتازترین

February 14, 2023

نئی دہلی(شِنہوا)بھارت میں محکمہ انکم ٹیکس کے اہلکاروں نےمنگل کو برطانیہ کے قومی نشریاتی ادارے برٹش براڈکاسٹنگ کارپوریشن (بی بی سی) کے نئی دہلی اور ممبئی میں دفاتر پر چھاپے مارے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق انکم ٹیکس حکام بی بی سی کے دفاتر میں تلاشی لینے پہنچے۔

تاہم اپنے ذرائع کے حوالے سے کچھ رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ ٹیکس حکام نے بی بی سی پر بین الاقوامی ٹیکسوں اور ٹرانسفر قیمتوں میں بے ضابطگیوں کے الزامات پر سروے کیا۔

ایک مقامی ٹیلی ویژن نیوز چینل این ڈی ٹی وی نے کہا کہ دستاویزات ضبط کر لیے گئے اور صحافیوں کے فون اور لیپ ٹاپ چھین لیے گئے ہیں۔ سروے کی مدت تک دفاتر کو سیل کر دیا جائے گا اور ملازمین سے کہا گیا ہے کہ وہ تفصیلات کسی اور کے ساتھ شیئر نہ کریں۔

این ڈی ٹی وی کی رپورٹ میں ٹیکس حکام کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ یہ سروے تھا، تلاشی نہیں، اور فون واپس کیے جائیں گے۔

این ڈی ٹی وی کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ہمیں کچھ وضاحتیں درکار تھیں اور اس کے لیے ہماری ٹیم بی بی سی کے دفاتر کا دورہ کر رہی ہے اور ہم ایک سروے کر رہے ہیں۔ ہمارے افسران کھاتوں کی تفصیلات  کی جانچ پڑتال کررہے ہیں اوریہ تلاشی نہیں ہے۔

ایک اور مقامی میڈیا رپورٹ میں حکام کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ وہ بھارت میں کمپنی کے کاروباری آپریشنز سے متعلق دستاویزات کی تلاش کر رہے ہیں۔

یہ چھاپہ بی بی سی کی جانب سے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی پر دو حصوں پر مشتمل دستاویزی سیریز نشر کرنے کے چند ہفتوں بعد مارا گیا ہے، جس میں 2002 کے گجرات فسادات میں مودی کے کردار کو دکھایا گیا تھا جو اس وقت ریاست کے وزیر اعلیٰ تھے۔