واشنگٹن(شِنہوا)امریکی صدر جو بائیڈن نے ایک ایگزیکٹو آرڈر جاری کیا ہے جس کا مقصد مصنوعی ذہانت (اے آئی) کی ترقی اور اس نئی ٹیکنالوجی کے خطرات سے نمٹنے کے لیے حفاظتی و سلامتی کے معیارات قائم کرنا ہے۔
وائٹ ہاؤس کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ایگزیکٹوآرڈرکے تحت مصنوعی ذہانت کے حفاظتی اور سلامتی کے نئے معیارات قائم ہو سکیں گے جس سے امریکیوں کی رازداری کا تحفظ اور مالیاتی اور شہری حقوق کا تحفظ یقینی بنانے کے علاوہ صارفین اور کارکنوں کے تحفظ اور جدت و مسابقت کو فروغ دینے میں مدد ملے گی اور دنیا بھر میں امریکی قیادت کو آگے بڑھایا جا سکے گا۔
آرڈر میں "سب سے طاقتور اے آئی سسٹمز کے ڈویلپرز" سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ حفاظتی تجربات کے نتائج اور دیگر اہم معلومات عوام کے لیے جاری کرنے سے پہلے امریکی حکومت کے ساتھ ان کا تبادلہ کریں۔
بائیڈن کی جانب سے وائٹ ہاؤس میں دستخط کیے گئے آرڈر میں ایجنسیوں کو اے آئی کی جانچ کے لیے معیارات طے کرنے اور متعلقہ کیمیائی، حیاتیاتی، ریڈیولاجیکل، جوہری اور سائبرسیکیوریٹی کے خطرات سے نمٹنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔