واشنگٹن(شِنہوا)امریکہ یوکرین کے پائلٹوں کوایف-16لڑاکا طیارےاڑانے کے بارے میں تربیت کے لیے ملک آنے کی اجازت دینے کو تیار ہے۔
امریکہ کی قومی سلامتی کونسل (این ایس سی) کے ترجمان جان کربی نے صحافیوں کے ساتھ ایک ورچوئل نیوز بریفنگ کے دوران کہا کہ ہمارا یورپی اتحادی اس کوشش کی قیادت کر رہا ہے لیکن اگر یورپ میں تربیت کی صلاحیت پوری ہوگئی تو ہم یقینی طور پر امریکہ میں یوکرین کے پائلٹوں کوتربیت دینے کے لیے تیار ہیں۔
کربی نے زور دے کر کہا کہ تربیت ایک وقت طلب کثیرالمراحل عمل ہے جس کا مقصد بالآخر یوکرین کے دفاع اور فوجی صلاحیتوں کو طویل مدت کے لیے بہتر بنانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یوکرین میں جیٹ طیاروں کے آنے اور انہیں فضائی بیڑے میں شامل کرنے میں کچھ وقت لگے گا جوصرف اصل طیاروں کی منتقلی کا کام نہیں ہے بلکہ ایف-16طیاروں کی فراہمی اور چوتھی نسل کے دوسرے طیاروں کے پائلٹوں کے لیے مناسب تربیت کے ساتھ ساتھ انکی دیکھ بھال اورلاجسٹکس فراہمی کی تمام کوششیں بھی اس میں شامل ہیں جو بیڑے میں ایف-16 جیسے جدید طیاروں کو رکھنے کے لیے کی جاتی ہیں۔
جان کربی نے کہا کہ زبان کی رکاوٹ یوکرینیوں کے لیے رکاوٹوں میں سے ایک ہے جس سے نمٹنے کے لیے تمام ٹیک مینوئل انگریزی میں رکھے گئے ہیں اور لڑاکا طیاروں کے اندر کے تمام کنٹرول انگریزی میں ہیں جبکہ ایک پائلٹ کو انگریزی زبان میں کم از کم کچھ بنیادی مہارت حاصل ہو گی تاکہ وہ طیارہ اڑا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ برطانیہ کے تربیت دینے والے ماہرین نے اس سلسلے میں مدد کرنے پر آمادگی ظاہر کی ہے۔