واشنگٹن(شِنہوا)امریکی صدر جو بائیڈن نے اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو کو خبردار کیا ہے کہ مستقبل میں اسرائیل کے لیے امریکی حمایت کا انحصار غزہ میں شہریوں کے تحفظ کے لیے اسرائیل کے اقدامات پر ہوگا۔
وائٹ ہاؤس کی طرف دونوں رہنماؤں کے مابین ایک اعلی سطح کے ٹیلی فونک رابطے کی تفصیلات پر مبنی جاری کردہ بیان کے مطابق بائیڈن نے نیتن یاہو پر زور دیا کہ غزہ میں انسانی ہمدردی کی بنیادوں پر امداد پہنچانے والے کارکنوں پر اسرائیلی حملے اور غزہ میں مجموعی انسانی صورتحال ناقابل قبول ہے۔
بیان کے مطابق بائیڈن نے واضح کیا ہے کہ اسرائیل کو عام شہریوں کو پہنچنے والے نقصان، انسانی مصائب اور امدادی کارکنوں کی حفاظت کے لیے خصوصی، ٹھوس اورعملی اقدامات اٹھانے اور ان پرعمل درآمد کرنے کی ضرورت ہے۔
امریکی صدر نے واضح کیا کہ غزہ کے حوالے سے امریکی پالیسی کا تعین اسرائیل کے ان اقدامات پر فوری عملدرآمد کے ہمارے جائزے کی بنیاد پر ہوگا۔
جوبائیڈن نے نیتن یاہو پر زور دیا ہے کہ وہ حماس کے ساتھ "فوری جنگ بندی" پر عمل درآمد کے ساتھ ساتھ "یرغمالیوں کی انکے گھروں کو واپسی کےلیے بلا تاخیرمعاہدہ کریں"۔