واشنگٹن (شِنہوا) امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون نے کہا ہے کہ غزہ میں یہودی ریاست کی فوجی کارروائی کے خلاف واشنگٹن میں اسرائیلی سفارت خانے کے باہر خود سوزی کرنے والا امریکی فضائیہ کا اہلکار ہلاک ہوگیا ہے۔
فضائیہ کی ترجمان روز ریلے نے ایک بیان میں کہا کہ اہلکار زخموں کی تاب نہ لاکر اور گزشتہ شب چل بسا ۔ اس بارے میں مزید تفصیلات 24 گھنٹے بعد جاری کی جائیں گی۔
ڈی سی فائر اینڈ ایمرجنسی میڈیکل سروس ڈپارٹمنٹ نے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر بتایا کہ اتوار کو دوپہر ایک بجے (مقامی وقت) سے کچھ پہلے سفارت خانے کے باہر ایک شخص کی خود سوزی کی اطلاع ملی تھی جبکہ آگ سیکرٹ سروس کے نیفارمڈ ڈویژن نے بجھا دی۔
فوجی وردی میں ملبوس ایئرمین نے سفارت خانے کے سامنے احتجاجی ویڈیو بنائی۔ انہوں نے غزہ میں اسرائیل کے فوجی آپریشن کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ اب نسل کشی کا حصہ نہں بنیں گے۔
ایئرمین نے خودپر مائع ایندھن چھڑک کر آگ لگائی اور زمین پر گرنے سے قبل " فلسطین کو آزاد کرو" کے نعرے لگائے۔
ڈی سی فائر اینڈ ای ایم ایس نے بتایا کہ اسے جان لیوا زخموں کے سبب ایک مقامی اسپتال منتقل کردیا گیا تھا۔
ڈی سی میٹروپولیٹن پولیس ڈپارٹمنٹ کے مطابق ایئرمین 25 سالہ آرون بشنیل ہے جو ریاست ٹیکساس کے شہر سان انتونیو کا رہائشی ہے۔
یہ واقعہ ایک ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب اسرائیل ۔ حماس تنازع 5 ویں ماہ میں داخل ہو رہا ہے جس میں امریکہ سمیت دنیا نے اسرائیل پر زور دیا ہے غزہ کے جنوبی علاقے میں زمینی کارروائی نہ کرے جہاں اس وقت 10 لاکھ سے زائد فلسطینی شہری رہائش پذیر ہیں۔