• Dublin, United States
  • |
  • Jan, 10th, 25

شِنہوا پاکستان سروس

اسرائیل کے فلسطینی راکٹ حملے کے جواب میں غزہ پر فضائی حملےتازترین

February 23, 2023

یک فلسطینی لڑکا غزہ شہر میں اسرائیلی فضائی حملے سے تباہ حال اپنے گھر کے ملبے پر کھڑا ہے۔(شِنہوا)

غزہ/یروشلم(شِنہوا) فلسطینی جنگجووں کی جانب سے جمعرات کی صبح اسرائیل کے جنوبی حصے پر چھ راکٹ فائر کیے جانے کے بعد اسرائیل نے غزہ کی پٹی پر فضائی حملےکیے ہیں۔

اسرائیلی فوج اور فلسطینی سیکیورٹی فورسزکے مطابق تازہ ترین تنازعہ مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی فوج کے حملے میں 11 فلسطینیوں کی ہلاکت کے چند گھنٹے بعد ہی کشیدگی میں اضافے کے نتیجے میں سامنے آیا ہے۔

محصور فلسطینی انکلیو سے فائر کیے گئے راکٹوں کے باعث اسرائیل کے جنوبی شہروں اشکیلون اور سڈروٹ اور غزہ کی پٹی کے قریب متعدد کمیونٹیز میں سائرن بجائے گئے۔

اسرائیلی فوج نے کہا کہ پانچ راکٹوں کو آئرن ڈوم فضائی دفاعی نظام نے ناکام بنایا جبکہ ایک راکٹ کھلے علاقے میں گرا۔

چند گھنٹے بعد اسرائیل کی فضائیہ نے غزہ پر فضائی حملوں کا سلسلہ شروع کیا۔ ویڈیو فوٹیج میں غزہ کی ایک عمارت سے کالے دھوئیں کے بڑے بادل کو نکلتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔

ایک بیان میں اسرائیلی فوج نے کہا کہ اس کے لڑاکا طیاروں نے غزہ کی وسطی پٹی میں ہتھیاروں کی تیاری کے مقام اور غزہ کی شمالی پٹی میں ایک فوجی کمپاؤنڈ کو نشانہ بنایا جن کا تعلق اسلامی مزاحمتی تحریک (حماس) سے ہے جو غزہ کا انتظام چلانے والی ایک اسلامی فلسطینی تحریک ہے۔

دریں اثنا فلسطینی سیکورٹی ذرائع نے شِنہوا کو بتایا کہ اسرائیلی جنگی طیاروں نے حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈ کی ایک فوجی چوکی پر بمباری کی۔ غزہ کے مغربی علاقے میں ایک اور پوسٹ پر بھی حملہ کیا گیا۔

 ذرائع نے بتایا کہ حملے میں دونوں پوسٹوں کو نقصان پہنچا اور دھوئیں کے بادل اٹھتے دیکھے گئے جب کہ شدید فضائی حملوں کی وجہ سے کئی قریبی مکانات کو معمولی نقصان پہنچا تاہم کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔

عینی شاہدین نے بتایا کہ غزہ کے جنگجوؤں نے حملہ کرنے والے اسرائیلی لڑاکا طیاروں پر طیارہ شکن میزائل داغے۔