کویت شہر(شِنہوا) کویت کی قومی اسمبلی نے اسلامی ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ قرآن پاک کی کسی بھی قسم کی توہین کو جرم قرار دینے کے لیے قانونی کارروائی کریں۔
کویت کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کونا کے مطابق کویتی پارلیمنٹ نے 3 گھنٹے جاری رہنے والے اجلاس میں سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی اور اس کے اثرات پر تبادلہ خیال کیا۔
اجلاس کے بعد جاری سفارشات میں عالمی فورمز میں کردار ادا کرنا، عالمی قوانین بنانا ، قرآن کی توہین یا بے حرمتی کرنے والے کسی بھی شخص کے خلاف عالمی عدالت انصاف میں قانونی چارہ جوئی کی اجازت دینا اور بے حرمتی کرنے والوں کی حمایت کرنے والے ممالک کے خلاف زیادہ سے زیادہ سفارتی اقدامات کرنا شامل ہیں۔
پارلیمنٹ نے کویتی وزارت اطلاعات پر زور دیا کہ وہ اسلام مخالف ویب سائٹس کے خلاف کارروائی کرے جبکہ وزارت تجارت و صنعت سے کہا گیا ہے کہ وہ اسلام کے بنیادی اصولوں کی خلاف ورزی کرنے والے ممالک کے ساتھ تجارت پر پابندی عائد کرے۔
کویتی وزیر خارجہ شیخ سالم عبداللہ الجابر الصباح نے کہا ہے کہ ان کی وزارت نے سویڈن میں قرآن کی بے حرمتی کے ردعمل میں تمام ضروری اقدامات کیے ہیں۔
انہوں نے کویتی وزیراعظم شیخ احمد نواف الاحمد الصباح کی جانب سے سویڈش زبان میں ترجمہ شدہ قرآن کے ایک لاکھ نسخے شائع کرکے سویڈن میں تقسیم کرنے کے حکم کو" مثبت قدم" قرار دیا۔