• Dublin, United States
  • |
  • Jan, 17th, 25

شِنہوا پاکستان سروس

اسٹب نے فن لینڈ کا صدارتی انتخاب معمولی برتری سے جیت لیاتازترین

February 12, 2024

ہیلسنکی (شِنہوا) فن لینڈ کے صدارتی انتخابات میں قومی اتحاد کے صدارتی امیدوار الیگزینڈر اسٹب نے معمولی اکثریت سے کامیابی حاصل کرلی ہے۔

فن لینڈ کی وزارت انصاف کی جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق تمام ووٹوں کی گنتی کے بعد اسٹب کو آخری مرحلے میں 51.6 فیصد ووٹ ملے جبکہ آزاد گرین امیدوار پیکا ہاوستو نے 48.4 فیصد ووٹ حاصل کئے۔

فن لینڈ کا اگلا صدر منتخب ہونے کے بعد اسٹب نے کہا کہ میں وعدہ کرسکتا ہوں کہ میں اس ذمہ داری کو نبھانے کی پوری کوشش کروں گا۔

میڈیا سے گفتگو میں اسٹب نے کہا کہ فن لینڈ اب ایک نئے دور میں داخل ہو رہا ہے، ہم  نینستو کے طریقے کو جاری رکھنا چاہتے ہیں تاہم یہ حقیقت ہے کہ ایک نئے دور کا آغاز ہورہا ہے۔

اسٹب یکم مارچ کو نارڈک ملک کے 13 ویں صدر کی حیثیت سے حلف اٹھاکر سولی نینستو کی جگہ لیں گے۔

قومی نشریاتی ادارے "یلے" کے انتخابی تجزیہ کار سامی بورگ نے بتایا کہ براہ راست پاپولر ووٹ میں سخت ترین مقابلے کے بعد یہ نتائج آئے ہیں۔ 

انتخابات کی شام تک دوران گنتی پیکا ہاوستو  کے ووٹ تو بڑھتے رہے تاہم وہ فرق پورا نہیں کرسکے۔

رائے شماری کا تناسب 70.7 فیصد رہا جو ابتدائی مرحلے میں 75 فیصد تھا۔

اسٹب کی عمر 55 برس ہے ،وہ یورپی پارلیمنٹ اور فن لینڈ کی پارلیمنٹ کے رکن، فن لینڈ کے وزیر اعظم، وزیرخارجہ اور یورپی انویسٹمنٹ بینک کے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل کی حیثیت سے کام کر چکے ہیں۔ انہوں نے بین الاقوامی سیاست میں پی ایچ ڈی کی ہے اور سویڈش، فن لینڈ، انگریزی، فرانسیسی اور جرمن زبانوں پر عبور رکھتے ہیں۔

فن لینڈ میں صدارتی انتخابات ہر 6 سال بعد منعقد ہوتے ہیں۔ انتخاب براہ راست پاپولر ووٹ کے ذریعہ ہوتا ہے رواں سال 28 جنوری کو ابتدائی مرحلے میں 9 امیدواروں نے حصہ لیا جس میں سرفہرست 2  امیدواروں نے فائنل راؤنڈ میں جگہ بنائی تھی۔