ویانا (شِنہوا) تیل برآمد کرنے والے ممالک کی تنظیم (اوپیک) کے سربراہ نے توانائی شعبے میں چین کے ساتھ تنظیم کے "باہمی تعلق" پر روشنی ڈالتے ہوئے دنیا کی دوسری سب سے بڑی معیشت کے ساتھ توانائی میں تعاون مزید بڑھانے پر زور دیا ہے۔
اوپیک کے سیکرٹری جنرل حیثم الغیص نے ویانا میں اوپیک ۔ چین توانائی مذاکرات کے 7 ویں اعلیٰ سطح اجلاس سے خطاب میں کہا کہ اوپیک اور اس کے رکن ممالک "چین کو اس کی بڑھتی توانائی کی طلب پورا کرنے میں درکار سستی توانائی کی فراہمی جاری رکھیں گے جبکہ توانائی کے شعبے میں ہمارا باہمی طور پر منسلک ہونا ہمارے تعلقات کی مضبوطی کی نشاندہی کرتا ہے۔
فائل فوٹو: آسٹریا ، ویانا میں تیل برآمد کرنے والے ممالک کی تنظیم اوپیک کے صدردفتر کا منظر۔(شِنہوا)
اوپیک نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اجلاس میں مارکیٹ کے نقطہ نگاہ اور توانائی کی منتقلی سے متعلق خیالات کا تبادلہ کرنے کے لئے ماہرین کو جمع کیا گیا تھا۔ انہوں نے اوپیک ۔ چین توانائی مذاکرات کے فریم ورک میں اوپیک۔ چین تعاون میں پیشرفت کو سراہا اور تکنیکی اور تحقیقی سطح سمیت تعاون کے فروغ میں پختہ عزم کا اظہار کیا۔
حیثم الغیص نے اوپیک ۔ چین توانائی مذاکرات کی اہمیت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ بات چیت تیل پیدا کرنے والوں، صارفین اور عالمی معیشت کے یکساں مفادات کے استحکام میں اہمیت کی حامل ہے اور پائیدار توانائی کے مستقبل میں درپیش مشکلات سے نمٹنے میں ہمارے لیے مددگار ہے۔
فائل فوٹو، کینیا کے دارالحکومت نیروبی میں مرکزی کاروباری مرکز میں لوگ ایک پیٹرول اسٹیشن کے پاس سے گزررہے ہیں۔ (شِنہوا)
اس اجلاس کی مشترکہ صدارت الغیص اور چین کی قومی توانائی انتظامیہ کے سربراہ ژانگ جیان ہوا نے کی۔
اوپیک کے مطابق اوپیک ۔ چین توانائی مذاکرات کا اگلا اعلیٰ سطح اجلاس اگلے سال ہوگا۔