سان فرانسسکو(شِنہوا) امریکی کمپنی اوبر ٹیکنالوجیز اور چین کی کار ساز کمپنی بی وائی ڈی نے اوبر کے پلیٹ فارم میں بی وائی ڈی کی 1 لاکھ نئی الیکٹرک گاڑیاں شامل کرنے کے لئے کئی سالوں پر محیط اسٹریٹجک شراکت داری کا اعلان کیا ہے۔
ایک مشترکہ بیان کے مطابق پارٹنرشپ کے تحت اوبر ڈرائیورزکورائڈ ہیلنگ پلیٹ فارم کے لیےبی وائی ڈی کی گاڑیاں کم قیمت پر دینے کے ساتھ ساتھ اس کے لیےفنانسنگ کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی۔ اس منصوبے کا آغاز یورپ اور لاطینی امریکہ کی مارکیٹوں کیا جائے گا جسے بعد میں مشرق وسطیٰ، کینیڈا، آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کی مارکیٹوں تک توسیع دی جائے گی۔
چینی کمپنی کے مطابق، بی وائی ڈی گاڑیاں ماڈلز کی وسیع رینج، بیٹری کی اعلی کارکردگی، دیکھ بھال اور مرمت کے کم اخراجات اور بہترین تعمیراتی معیار کی بدولت رائیڈ شیئر کے لیے موزوں ترین ہیں۔
اوبر کے ڈرائیورز کے لیے ای وی ملکیت کی لاگت کو کم کرنے کے لیے دونوں کمپنیوں کی جانب سے چارجنگ، گاڑیوں کی دیکھ بھال یا انشورنس کے ساتھ ساتھ فنانسنگ اور لیز کی پیشکش پر چھوٹ دی جاسکتی ہے۔
بی وائی ڈی کے چیئرمین اور صدروانگ چھوان فو کا کہنا ہے کہ اوبر اور بی وائی ڈی کا ایک صاف ستھری، ماحول دوست دنیا کی طرف جدت لانے کامشترکہ عزم ہے اور ہم اس مستقبل کے لیے مل کر کام کرنے کے لیے پرجوش ہیں۔