جکارتہ(شِنہوا)انڈونیشیا کے صوبہ مغربی کالیمانتان میں روایتی انداز میں سونا نکالنے کیلئے ایک لینڈسلائیڈنگ کے باعث 20 کان کن ملبے تلے دب گئے ہیں۔
ریسکیو دفتر کے آپریشن یونٹ کے سربراہ ایرک سوبریانتو نے بتایا کہ یہ واقعہ ضلع بنکایانگ کے گاؤں کناندے میں جمعرات کی شب پیش آیا لیکن صوبائی ریسرچ اینڈ ریسکیو آفس کے امدادی اہلکاروں کو اس کی اطلاع جمعہ کی شب موصول ہوئی۔
انہوں نے فون پرشِنہوا کو بتایا کہ ہم نے جمعہ کی شب اطلاع موصول ہونے کے بعد فوری طور پر اپنے اہلکاروں کو جائے وقوعہ پر تعینات کیا۔
اہلکارنے بتایا کہ گزشتہ چند دنوں سے ہونے والی موسلادھار بارش، کان کا دور دراز مقام پر واقع ہونے اور مواصلات کی ناقص سہولیات کی وجہ سے ریسکیو آپریشن میں رکاوٹیں پیدا ہو رہی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ فوجی اہلکار، مقامی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اینڈ میٹیگیشن ایجنسی کے اہلکار اور گاؤں کے لوگ بھی کان کے علاقے میں تلاش اور بچاؤ کے مشن میں شامل ہیں۔