لوانڈا(شِنہوا) وینانسیو ڈی مورا ڈپلومیٹک اکیڈمی نے کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ آف اگسٹینہو نیٹو یونیورسٹی کے ساتھ مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے ہیں تاکہ اے ڈی وی ایم کے احاطے میں چینی زبان اور ثقافت کی تعلیم کے لئے وقف کلاس روم قائم کیا جاسکے۔ اے ڈی وی ایم ،یو اے این کے بعد انگولا کی دوسری یونیورسٹی ہوگی جو انگولا میں کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ کی مدد سے باضابطہ طور پر چینی زبان کے کورسز پیش کرے گی۔ اے ڈی وی ایم کے ڈائریکٹر جنرل جوز مارکوس باریکا نے اپنی تقریر میں ایم او یو کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ کلاس روم کی جانب سے انگولا اور چینی عوام کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کیا جائے گا۔ اے ڈی وی ایم میں چینی زبان کے کلاس روم کے افتتاح سے سفارتکاروں کو طویل مدتی فوائد پر زور دیتے ہوئے یو اے این کے ریکٹر پیڈرو مگلہیس نے کہا کہ یہ موقع انہیں انگولا اور چین دونوں کے فائدے کے لئے اہم کامیابیاں حاصل کرنے کے قابل بنائے گا۔
شِنہوا کو حاصل ہونے والے ایم او یو کے مطابق اے ڈی وی ایم ہفتے میں ایک یا دو بار کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ آف یو اے این کی مدد سے چینی زبان اور ثقافت میں کورسز پیش کرے گا۔ کورسز کی تکمیل پر شرکا کو سرٹیفکیٹ دیا جائے گا۔ انگولا میں چین کے سفیر گونگ تا نے تقریب سے خطاب کے دوران ایم او یو کے بارے میں اپنی امید کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس سے چین اور انگولا کے ثقافتی تعاون کو نئی رفتار ملے گی۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ اس شراکت داری سے گہرے دوطرفہ تعاون کو فروغ ملے گا اور نئے دور میں چین اور انگولا کے درمیان مشترکہ مستقبل کے ساتھ ایک قریبی کمیونٹی کی تعمیر میں مدد ملے گی۔ یو اے این میں کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ کے چینی ڈائریکٹر رین بنگ نے اے ڈی وی ایم کو انگولا میں سفارت کاروں کا گہوارہ قرار دیا۔ رین کے مطابق یو اے این میں کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ نے گزشتہ سات سالوں کے دوران 2 ہزار سے زائد مقامی طالب علموں کو تربیتی کورسز فراہم کیے ہیں۔ اس وقت اس انسٹی ٹیوٹ میں 200 نوجوان انگولا کے لوگ چینی زبان کی تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔