ہانگ ژو (شِںہوا) ہانگ ژو میں 19 ویں ایشیائی کھیلوں کے اختتام کے دو ہفتے بعد ہانگ ژو اولمپک اسپورٹس سینٹر اسٹیڈیم میں چوتھے ایشیئن پیرا گیمز کا آغاز ہوگیا۔ جس کے ساتھ ہی کنول کی شکل کا یہ میدان مقابلے کے جذبے اور جیت کے خوابوں سے بھر گیا۔
چین کے نائب وزیراعظم ڈینگ شوئے شیانگ نے ایشیئن پیرا گیمز کے افتتاح کا اعلان کیا ہے۔ یہ دوسرا موقع ہے جب ان کھیلوں کا چین میں انعقاد کیا جارہا ہے اس سے قبل 2010 میں گوانگ ژو میں اس کا افتتاحی ایڈیشن منعقد ہوا تھا۔
افتتاحی تقریب کا موضوع " دل ملے تو خواب پورے ہوئے" تھا ۔ افتتاحی تقریب اس وقت عروج پر پہنچ جب 2018 میں جکارتہ ایشیئن پیرا گیمز میں 7 طلائی تمغے جیتنے والے چین کے پیرا تیراک شو جیالنگ نے ایک ذہین بایونک بازو کی مدد سے مشعل روشن کی اور اس بات پر زور دیا کہ ٹیکنالوجی خواب پورا کرنے میں مدد کرسکتی ہے۔
مقامی لیانگ ژو ثقافت کا حصہ ایک ڈیجیٹل "ڈیوائن برڈ " شعلے کی طرف لپکا اور مشعل جلنے تک گھومتا رہا اور پھر ہانگ ژو ایشیئن پیرا گیمز کے مسکوٹ "فی فی" میں تبدیل ہوگیا۔
گوانگ ژو میں ایشیئن پیرا گیمز کی مشعل 3 روزہ سفر کے بعد ہانگ ژو اولمپک اسپورٹس سینٹر اسٹیڈیم میں داخل ہوئی ۔ یہ مشعل ریلے ہفتے کو اختتام پذیر ہوئی تھی جس میں 188 معذور افراد سمیت 600 مشعل برداروں نے حصہ لیا۔
شو ان 6 ایتھلیٹس میں سے ایک تھے جو اسٹیڈیم میں مشعل لیکر آئے ان کے ساتھ 5 دیگر پیرالمپکس چیمپیئنز میں ایتھلیٹکس کے ژو گو ہوا ، والی بال کے ژینگ شیاؤنگ ینگ ، ہائی جمپ کے ہو بن، تیراکی کے ڈو جیان پھنگ اور وہیل چیئر کرلنگ کے وانگ ہائی تاؤ شامل تھے۔