گوانگ ژو/ہانگ کانگ (شِنہوا) ہانگ کانگ خصوصی انتظامی علاقے (ایچ کے ایس اے آر) اور چینی مین لینڈ کو ملانے والی تیز رفتار ریلوے نے تقریباً 3 سال تک خدمات کی معطلی کے بعد اتوار کے روز سے دوبارہ کام شروع کر دیا ہے۔
ایک تیز رفتار ٹرین مقامی وقت کے مطابق صبح 7 بجکر3 منٹ پر ہانگ کانگ کے مغربی کولون اسٹیشن سے شینزین کے لیے روانہ ہوئی جو کہ اس سرحد پار بلٹ ٹرین سروس کی عالمی وبا سے خدمات کے متاثر ہونے کے بعد سے اس نوعیت کی پہلی ٹرین ہے۔
ہانگ کانگ میں زیر تعلیم صوبہ جیانگ شی سے تعلق رکھنے والے ایک طالب علم لیاؤ جن مین لینڈ واپس جانے والی پہلی ٹرین پر سفر کرنے کے لیے پرجوش تھے۔
انہوں نے کہا کہ آج کا دن ایک یاد گاردن ہو گا۔ تیزرفتار ریل خدمات کا دوبارہ آغاز ہانگ کانگ خصوصی انتظامی علاقے اور مین لینڈ کے درمیان مجموعی رابطے کے لیے بہت اہمیت کا حامل ہے۔
شینزین نارتھ ریلوے اسٹیشن پر تیز رفتار ٹرینوں نے ہانگ کانگ کے جنوب میں سفر کا دوبارہ آغاز کیا ہے۔ شینزین میں کام کرنے والے ہانگ کانگ کے بہت سے رہائشی اس سروس کو اختتام ہفتہ کے دوران گھر واپسی کے لیے ایک آسان اور باکفایت انتخاب قرار دے رہے ہیں۔
چائنہ ریلوے گوانگ ژو گروپ نے کہا ہے کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر تیزرفتار ٹرینوں کے اوسطاً 38.5 جوڑں کا انتظام کرے گا جو سروس کی بحالی کے ابتدائی مرحلے میں گوانگ ژو اور شینزین کے اسٹیشنز سے ہانگ کانگ ویسٹ کولون اسٹیشن تک چلائے جائیں گے۔
گروپ نے کہا ہے کہ یہ مسافروں کی آمدورفت کے مطابق مستقبل میں آپریشن منصوبہ سازی کو بہتر بنائے گا اور سرحد پار تیز رفتار ریل خدمات کی منظم بحالی کو فروغ دے گا۔