واشنگٹن(شِنہوا) امریکی وزیر دفاع لائیڈ آسٹن کو اتوار کی شب انتہائی نگہداشت کے یونٹ میں داخل کرایا گیا۔امریکی محکمہ دفاع کے ایک بیان کے مطابق لائیڈ آسٹن کو والٹر ریڈ نیشنل ملٹری میڈیکل سنٹر میں معاون نگہداشت اور قریبی نگرانی میں رکھا گیا۔
اس سے پہلے، محکمہ دفاع نے بتایا تھا کہ وزیر دفاع لائیڈ آسٹن کو مثانے میں مسئلے کی وجہ سے واشنگٹن ڈی سی میں میڈیکل سنٹر داخل کیا گیا، اور یہ کہ ان کے فرائض ان کے نائب، ڈپٹی ڈیفنس سیکرٹری کیتھلین ہکس کو منتقل کر دیے گئے ہیں۔
حالیہ دنوں میں آسٹن کو سرجری کے بعد پیدا ہونے والی طبی پیچیدگیوں کی وجہ سے ہسپتال میں داخل کیا گیا تھا۔محکمہ دفاع کی جانب سے اس صورتحال سے وائٹ ہاؤس اور کانگریس کو فوری مطلع نہ کرنے پر ایک سیاسی اور عوامی ہنگامہ کھڑاہوگیا تھا۔ پینٹاگون کے ترجمان پیٹرک رائڈر نے کہا کہ اس بار آسٹن کے اسپتال میں داخل ہونے کی اطلاع وائٹ ہاؤس، جوائنٹ چیفس آف اسٹاف اور کانگریس کو دے دی گئی ہے۔