بیجنگ (شِنہوا) چین کی وزارت خارجہ نے اپنی ویب سائٹ پر "امریکہ میں 2022 کے دوران جمہوریت کی صورت حال" کے عنوان سے ایک رپورٹ جاری کی ہے۔
حقائق، میڈیا تبصروں اور ماہرین کی آراء کی روشنی میں تیار کردہ اس رپورٹ کا مقصد گزشتہ ایک برس کے دوران امریکی جمہوریت کا حقیقی منظر نا مہ پیش کرنا ہے۔
رپورٹ کے مطابق امریکی جمہوریت افراتفری کا شکار تھی اور جب سے امریکہ نے دنیا بھر میں اپنی جمہوریت مسلط کی ہے تو اس نے تباہی کی ایک داستان ہی چھوڑی ہے۔ رپورٹ میں توقع ظاہر کی گئی ہے کہ دنیا بھر میں زیادہ سے زیادہ لو گوں کے سامنے امریکی جمہوریت بے نقاب ہو جا ئے گی۔
دیباچہ اور اختتام کے علاوہ رپورٹ 2 حصوں پر مشتمل ہے جن کا عنوان "امریکی جمہوریت کی دائمی کمزوریاں" اور " امریکی جمہوریت کو مسلط کرنے سے دنیا بھر میں افراتفری" ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے 2022 میں امریکہ میں جمہوری دکھاوے، ناکارہ سیاست اور منقسم معاشرے کا شیطانی چکر جاری رہا۔ پیسے اور شناخت کی سیاست، سماجی اختلافات ، امیر وغریب کے درمیان خلیج جیسے مسائل مزید گھمبیر ہوئے۔
رپورٹ کے مطابق امریکی جمہوریت کو متاثر کرنے والی بیماریوں نے امریکی سیاست اور معاشرے کو بری طرح متاثر کیا اور امریکی حکمرانی کی ناکامی اور ادارہ جاتی نقائص کو مزید واضح کردیا۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے امریکہ اندرون ملک اپنی جمہوریت کو درپیش کئی مسائل اور ادارہ جاتی بحرانوں کو تسلیم کرنے سے انکار کرتا اور دنیا کے لیے جمہوریت کا نمونہ اور مشعل راہ ہونے کا دعویٰ کرتا ہے۔ اس طرح کی حاکمیت جمہوریت کی برائیوں کو برقرار رکھتی اور دوسرے ممالک کے لئے سنگین نتائج کا سبب بنتی ہے۔