واشنگٹن(شِنہوا )امریکی شہر فلیڈیلفیا میں فائرنگ کے واقعے میں میں چار افراد ہلاک اور چارزخمی ہو گئے۔یو ایس ڈیلی نے پولیس کے حوالے سے بتایا کہ ایک مشتبہ شخص کوحراست میں لے لیا گیا ہے۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پولیس نے پیر کی رات 8 بج کر 30 منٹ(پاکستانی وقت منگل صبح 5 بج کر 30 منٹ)کے قریب فائرنگ کی آواز سنی اور انہیں جنوب مغربی فلیڈیلفیا کے کنگ سیسنگ علاقے میں مسلح مرد کی جانب سے فائرنگ کی متعدد اطلاعات موصول ہوئیں۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ فائرنگ کے متاثرین میں کم سے کم دو نوجوان شامل ہیں تاہم ان کی حالت فوری طور پر معلوم نہیں ہو سکی جبکہ زخمیوں کو قریبی ہسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔رپورٹ میں کہا گیا کہ فائرنگ کے تقریبا 10 منٹ بعد پولیس افسران نے اطلاع دی کہ انہوں نے بیلسٹک جیکٹ پہنے ہوئے مشتبہ شخص کو پکڑ لیا ہے اور ایک قریبی گلی میں ایک رائفل اور ایک ہینڈ گن برآمد کر لی ہے۔فلیڈیلفیا کے میئرجم کینی نے ٹویٹ کیا کہ جنوب مغربی فلیڈیلفیا میں فائرنگ کی اطلاعات سے مجھے صدمہ پہنچا ہے اورمیں تہہ دل سے متاثرین اور ان کے خاندانوں کے ساتھ ہوں اورانکے لیے دعا گو ہوں۔