• Dublin, United States
  • |
  • Dec, 23rd, 24

شِنہوا پاکستان سروس

امریکہ، سمندری طوفان ایان سے ہلاکتیں درجنوں ہوگئیتازترین

October 04, 2022

واشنگٹن (شِنہوا) امریکہ میں آنے والے سمندری طوفان سے 30 سے زائد افراد کے ہلاک ہونے کی تصدیق ہوگئی ہے، ان میں سے 28 کا تعلق انتہائی جنوب مشرقی ریاست فلوریڈا سے ہے۔

امریکی ذرائع ابلاغ کے اعدادوشمار اس سے کہیں زیادہ ہیں، جس کے مطابق این بی سی نیوز نے یہ تعداد 77 اور سی این این نے 70 بتائی ہے۔

ریاستی یا وفاقی حکام نے ہلاکتوں بارے سرکاری اعدادوشمار جاری نہیں کئے ہیں۔

گورنر رون ڈی سانٹیس نے صحافیوں کو بتایا کہ یہ چو تھے درجے کا طوفان تھا۔ بدھ کی سہ پہر ساحل سے ٹکرانے کے بعد اب تک فلوریڈا میں 1 ہزار 100 افراد کو نکالا جاچکا ہے۔

ایان سےفلوریڈا کے ساحلی اور اندرونی علاقوں میں طوفانی لہریں آئیں،  آندھی چلی ، شدید بارش ہوئی اور تباہ کن سیلاب آیا۔

ایان جمعہ کی سہ پہر درجہ اول سمندری طوفان کے طور پر جنوبی کیرولینا میں ساحل سے ٹکرایا، اور اس کے بعد یہ کمزور پڑگیا تھا۔

امریکی صدر جو بائیڈن نے جمعہ کو وائٹ ہاؤس میں کہا کہ سمندری طوفان ایان ملکی تاریخ کے بدترین طوفانوں میں سے ایک ہوسکتا ہے۔

بائیڈن نے مزید کہا، " ہم نے ابھی تباہی کی سطح کا جائزہ لینا شروع  کیا ہے۔ اس کی تعمیرنو میں مہینوں نہیں کئی سال لگ سکتے ہیں"۔

قدرتی آفات سے نقصانات کا تخمینہ لگانے والے ایک امریکی تحقیقاتی ادارے کورلوجک کے مطابق طوفان ایان کی ہوا اور لہروں سے نقصانات کا تخمینہ 28 ارب سے 47 ارب امریکی ڈالرز کے درمیان ہے۔